اقلیتی بہبود آفیسر آر اندرا کے ہاتھوں تلنگانہ اردو اکیڈمی کا سالانہ کیلنڈر 2026 کی رسم اجرائی
نہوں نے کہا کہ کیلنڈر میں تمام سرکاری چھٹیوں اور اختیاری چھٹیوں کو کافی عمدہ طریقہ سے ترتیب دیا گیا ہے۔ جس کے لیے انہوں نے تلنگانہ اردو اکیڈمی کو مبارکباد پیش کی
محبوب نگر : تلنگانہ اردو اکیڈمی کا سالانہ کیلنڈر 2026 کافی زیب دید اور پرشکوہ ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارتوں کی بہترین اور عمدہ ترتیب کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار محبوب نگر کے ضلع اقلیتی بہبود آفیسر ، محترمہ آر ۔اندرا نے تلنگانہ اردو اکیڈمی کا سالانہ کیلنڈر 2026 کی ضلع سطح پر رسم رونمائی انجام دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیلنڈر میں تمام سرکاری چھٹیوں اور اختیاری چھٹیوں کو کافی عمدہ طریقہ سے ترتیب دیا گیا ہے۔ جس کے لیے انہوں نے تلنگانہ اردو اکیڈمی کو مبارکباد پیش کی ۔
ریاستی کانگریس کنوینر یوسف بن ناصر نے کہا کہ تلنگانہ اردو اکیڈمی نے سالانہ کیلنڈر 2026 شائع کرکے ایک کارنامہ انجام دیا ہے کہ اس میں اردو اکیڈمی کے اغراض و مقاصد کو بیان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اردو کے فروغ ، ترقی و ترویج کے سلسلہ میں تلنگانہ اردو اکیڈمی کی اسکیمات جیسے اردو زبان و ادب کا تحفظ، ماہنامہ قومی زبان کی اشاعت،مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ، مخدوم ایوارڈ، کارنامہ حیات ایوارڈ، بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ ا، بیسٹ اردواسٹوڈنٹ ایوارڈ اور دیگر کا ذکر کیا۔
یوسف بن ناصر نے کہا کہ اردواکیڈمی کا سالانہ کیلنڈر 2026 تمام اردو مادری زبان کے گھروں میں آویزاں ہونا ضروری ہے تاکہ ہر روز کیلنڈر کو دیکھنے سے اردو زبان کی اہمیت و افادیت کا اندازہ ہوسکے۔
اردو آفیسر ڈاکٹر منیب آفاق نے کیلنڈر میں شائع شدہ عمارتوں تلنگانہ سکریٹریٹ، چارمینار، قلعہ گولکنڈہ، چومحلہ پیالیس، فلک نما پیالیس، تلنگانہ اسمبلی،ہائی ٹیک سٹی، تلنگانہ حج ہاؤز، گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج و ہاسپٹل،سالار جنگ میوزیم، فیوچر سٹی اور امرویر جیوتی کی ترتیب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ان عمارتوں کی تاریخ سے واقفیت کے لیے شائع شدہ کیلنڈر ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ڈاکٹر منیب آفاق نے اردوداں حضرات سےخواہش کی کہ وہ اپنے گھروں میں تلنگانہ اردو اکیڈمی کا کیلنڈر آویزاں کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اردو زبان کی طرف راغب کریں۔ اس موقع پر عرفان حسین، شاہنواز بیگم بھی شریک تھے۔