سعودی بس حادثہ کے شہیدوں پر توہین آمیز ریمارکس، تلنگانہ اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر سیکریٹری صفی اللہ کا تبادلہ
سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کے قریب اتوار کی رات پیش آنے والے المناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے عمرہ زائرین کے بارے میں تلنگانہ اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر سکریٹری محمد صفی اللہ کے توہین آمیز ریمارکس نے بڑے پیمانے پر تنازع کھڑا کردیا۔ شدید عوامی ردِعمل کے بعد حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کا تبادلہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، صفی اللہ نے حج ہاؤس میں موجود متاثرہ خاندانوں سے گفتگو کے دوران انتہائی نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا:
"جلے ہوئے تکڑوں کو کیا دیکھتے؟”
ان کے اس ریمارک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد عوام اور سیاسی حلقوں میں سخت غم و غصہ پھیل گیا۔ بی آر ایس قائدین سمیت کئی سماجی و مذہبی تنظیموں نے بھی ان کے بیان کی شدید مذمت کی۔
بڑھتے ہوئے احتجاج کے پیشِ نظر حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صفی اللہ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ٹی جی جینکو واپس بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف غمزدہ خاندانوں کی دل آزاری کا باعث بنتے ہیں بلکہ ریاستی اداروں کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔