حیدرآباد

تلنگانہ: شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی آسان و مسنون نکاح مہم، کل جماعتی کمیٹی کی تشکیل

اصلاح معاشرہ کمیٹی، شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ  کی جانب سے 4 اگسٹ 2024 کو مدینہ ایجوکیشن سنٹر، حیدرآباد میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب، صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سرپرستی میں ایک کل جماعتی انٹلیکچویل میٹ رکھی گئی تھی۔

حیدرآباد: اصلاح معاشرہ کمیٹی، شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ  کی جانب سے 4 اگسٹ 2024 کو مدینہ ایجوکیشن سنٹر، حیدرآباد میں حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب، صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سرپرستی میں ایک کل جماعتی انٹلیکچویل میٹ رکھی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں
آسان مسنون نکاح مہم کے تحت عنبرپیٹ میں پروگرام
مسلمان فلسطین اور ملک کے پارلیمانی الیکشن کے لئے دعا کا اہتمام کریں : صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ
مدارس اور خانقاہوں کے ذریعہ بورڈ کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچایا جائے گا: مولانا خالد سیف اللہ رحمانی

اس میٹ کا اہم مقصد آسان و مسنون نکاح مہم تلنگانہ کو روبہ عمل لانے کے لئے مختلف جماعتوں کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا  تھا۔ اس مہم کا مقصد امت کے درمیان پائے جانے والی بے جا رسومات ، خرافات و اصراف کا خاتمہ کرنا اور امت کو غیر ضروری بوجھ سے آزاد کرانا ہے۔

ہندوستانی سماج میں عورتیں  زمانہ قدیم سے مظلوم،بےبس اورمختلف قسم کے سماجی دباؤ کا شکار رہی ہیں۔ اس دباؤ کے تحت لڑکی والوں سے بغیر شرعی استحقاق کے نکاح کے موقع پر لڑکے والوں کی طرف سے بے جا مطالبات و شرائط کے ساتھ کثیر مال کو جہیز اور جوڑے کی رقم کے طور پر حاصل کیا جاتا ہے جو سراسر حرام ہے۔

ان فرسودہ و بے جا رسومات کے چلتے لڑکیاں ماں باپ پر بوجھ بن گئی ہیں۔ مسلمانوں کے ان تکلیف دہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیر قوم منصوبہ بند سازش کے ذریعہ ان کو بہکا رہی ہے۔ نتیجتا مسلمان لڑکیاں غیر مسلم لڑکوں سے نکاح کررہی ہیں جس کی شریعت اجازت نہیں دیتی۔

ان سنگین حالات میں  درد مند مسلمانوں کے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ان بے جا رسومات، خرافات و اصراف کے دلدل سے لڑکیوں کو اور ان کے والدین کو آزاد کیا جائے۔

اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے محترمہ  جلیسہ سلطانہ یٰسین ایڈوکیٹ صاحبہ، قومی کنوینر، شعبہ خواتین، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی نگرانی میں ایک کل جماعتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی  کے کنوینر ڈاکٹر رفعت سیماء صاحبہ، فاؤنڈر چیرمین جامعۃ مکارم الاخلاق، حیدرآباد اور جوائنٹ کنوینر محترمہ مفیظہ حفیظ صاحبہ، سکریٹری مسلم ویمنس انٹلیکچویل فورم مقرر کئے گئے ہیں۔

گریٹر حیدرآباد و نواحی علاقوں کو جملہ ساتھ زونس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون کا ایک انچارج مقرر کیا گیا۔ انچارجس کے نام اس طرح ہیں:عالمہ روبینہ شاہین صاحبہ (کوکٹ پلی)، ڈاکٹر عائشہ احمد صاحبہ(خیریت آباد)، عالمہ عظیمہ صدیقہ صاحبہ (حلقہ چارمینار)، محترمہ ثمینہ بنت حکیم صاحبہ (ایل بی نگر)، محترمہ نکہت اکبر صاحبہ (سیری لنگم پلی)، محترمہ زرینہ  صاحبہ (سکندرآباد)، محترمہ سیدہ شیمہ نظیر صاحبہ (حیدرآباد کے نواحی علاقے)۔

اس مہم کے دوران لوگوں کی ذہن سازی کے لئے انفرادی ملاقاتیں ہوں گی اور چھوٹے بڑے  لکچرس، سمینارس، سمپوزیمس، ورکشاپس اورمیٹس محلوں، کالجس، اسکولس و دینی مدارس میں منعقد کئے جائیں گے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سوشیل میڈیا ڈیسک کی جانب سے آئمہ مساجد و خطباء کے لئے خطابات کو مختلف زبانوں میں شائع کیا جائے گا اور اس لٹریچر کو عوام الناس میں بھی تقسیم کیا جائے گا۔

اس مہم کو جناب ڈاکٹر عبد القدیر صاحب ممبر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و فاؤنڈر چیرمین شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کا بھر پور تعاون حاصل ہے۔

a3w
a3w