جموں و کشمیر

فضائیہ کے قافلہ پر دہشت گردانہ حملہ، ایک فوجی ہلاک، 4 زخمی

ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک فوجی جو ان 5 سپاہیوں میں شامل تھا جو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں دہشت گردانہ حملہ میں زخمی ہوئے تھے، ہفتہ کی رات اُدھم پور کے کمانڈ ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔

جموں: ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک فوجی جو ان 5 سپاہیوں میں شامل تھا جو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں دہشت گردانہ حملہ میں زخمی ہوئے تھے، ہفتہ کی رات اُدھم پور کے کمانڈ ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے ہفتہ کی شام تقریباً 6:15 بجے ضلع پونچھ کی میندھر تحصیل میں گرسائی جنگلاتی علاقہ میں آئی اے ایف کی دو گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ زخمیوں فوجیوں کو بذریعہئ طیارہ اُدھم پور میں کمانڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ ایک زخمی فوجی اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا، جب کہ دیگر 4 کا ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ راشٹریہ رائفلس اور سیکوریٹی فورسس نے حملہ آوروں کا پتہ چلانے کارروائی شروع کردی۔ قبل ازیں موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب اننت ناگ۔ راجوری لوک سبھا حلقہ میں رائے دہی سے تین ہفتے قبل دہشت گردوں نے گھات لگاکر دو سیکوریٹی گاڑیوں پر حملہ کیا۔

ان میں سے ایک گاڑی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں ہندوستانی فضائیہ سے تعلق رکھتی ہے۔ پونچھ، اننت ناگ۔ راجوری پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے، جہاں چھٹے مرحلہ میں 25 مئی کو انتخابات مقرر ہیں۔ گزشتہ 2 سال کے دوران راجوری سے متصل سرحدی ضلع پونچھ میں چند بڑے دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں، جس سے اس خطہ میں دہشت گرد سرگرمیوں کی واپسی کا اشارہ ملتا ہے۔

قبل ازیں اس خطہ کو دہشت گردی سے پاک کردیا گیا تھا اور 2003ء سے لے کر 2021ء کے دوران یہ پرامن رہا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دو گاڑیوں پر دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں سیکوریٹی عملہ کے 5 ارکان زخمی ہوگئے۔ 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ایک کا تعلق آئی اے ایف سے ہے۔

یہ واقعہ آج شام ششی دھر کے قریب پیش آیا۔ آئی اے ایف نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ ششی دھر کے قریب عسکریت پسندوں نے ایئرفورس کے ایک قافلہ پر حملہ کیا۔ اس علاقہ میں فی الحال مقامی ملٹری یونٹس محاصرہ اور تلاشی کارروائی انجام دے رہے ہیں۔ قافلہ کو محفوظ کردیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گاڑیاں ضلع کے سورن کوٹ علاقہ میں سنالی ٹاپ کی طرف بڑھ رہی تھیں۔

انھیں شبہ ہے کہ دہشت گردوں کا وہی گروپ اس میں ملوث ہے جس نے گزشتہ سال 21 دسمبر کو متصل بفلیاز علاقہ میں فوج پر گھات لگاکر حملہ کیا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے فوجی ٹرک کو شدید نقصان پہنچا۔

دہشت گرد اے کے 47 اسالٹ رائفلوں سے لیس تھے اور باور کیا جاتا ہے کہ وہ قریبی جنگلات میں فرار ہوگئے۔ اس علاقہ کو فوج اور پولیس کی مزید کمک روانہ کی گئی اور دہشت گردوں کا پتہ چلانے بڑے پیمانہ پر تلاشی اور محاصرہ مہم شروع کردی گئی۔

نیم فوجی فورسس کی مدد سے پولیس پونچھ ٹاؤن میں جمعہ سے تلاشی مہم چلا رہی تھی۔ اسے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ بہرحال اس کارروائی کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا۔