جدید کرکٹ کے دباؤسے ٹیسٹ فارمیٹ متاثر ہو رہا ہے: راہول ڈریوڈ
بنگلور میں روہت شرما پر لکھی گئی کتاب 'دی رائز آف ہٹ مین' کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر انہوں نے ہندوستانی بلے بازوں کی موجودہ صورتحال کا گہرا تجزیہ پیش کیا۔
بنگلورو : ہندوستان کے سابق کپتان اور سابق ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے جدید دور کی مصروف کرکٹ اور ٹیسٹ فارمیٹ میں بلے بازوں کی گرتی ہوئی کارکردگی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ بنگلور میں روہت شرما پر لکھی گئی کتاب ‘دی رائز آف ہٹ مین’ کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر انہوں نے ہندوستانی بلے بازوں کی موجودہ صورتحال کا گہرا تجزیہ پیش کیا۔
راہول ڈریوڈ نے کہا ہے کہ جو بلے باز تینوں فارمیٹس کھیلتے ہیں، انہیں ریڈ بال (ٹیسٹ) کرکٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں مل پا رہا، جس کی وجہ سے ٹیسٹ میں کمزوریاں سامنے آ رہی ہیں۔دراوڑ کے مطابق کھلاڑی مسلسل ایک فارمیٹ سے دوسرے فارمیٹ میں مصروف رہتے ہیں اور کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ٹیسٹ میچ سے کچھ دن پہلے ہی تیاری شروع ہوتی ہے، جبکہ بعض بلے باز مہینوں سے لال گیند سے نہیں کھیلے ہوتےہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے صرف دو فارمیٹس ہوتے تھے، اس لیے ٹیسٹ سیریز سے قبل بھرپور تیاری کا وقت ملتا تھا، جو اب ممکن نہیں رہا ٹیسٹ کپتان شبھمن گل بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے مزید وقت دیا جانا چاہیے۔
ڈریوڈ نے کہا کہ ہندوستان ٹی20 میں اس لیے مضبوط ہے کیونکہ کھلاڑی آئی پی ایل جیسے ٹورنامنٹس میں شارٹ فارمیٹ کی زیادہ مشق کرتے ہیں، جبکہ ٹیسٹ میں بہتری کی ضرورت ہے۔کھلاڑی آئی پی ایل میں ڈھائی ماہ صرف چھکے مارنے کی پریکٹس کرتے ہیں، جس سے ان کی ہٹنگ پاور تو بہتر ہوئی ہے لیکن دفاعی تکنیک کمزور ہو رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دباؤ کی وجہ سے دنیا بھر میں گیند بازوں کے حق میں پچیں بن رہی ہیں، جس سے بلے بازوں کو مزید مشکلات پیش آ رہی ہیں