حیدرآباد

لارڈ ایپا کی توہین پر ملحد نریش گرفتار

بھکتوں کی شکایتوں پر ریاست کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نریش کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ تحقیر آمیز تبصرہ پر حیدرآباد سائبر کرائم سل نے بھی نریش کے خلاف کیس درج کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے ہفتہ کے روز دہریہ بی نریش کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس پر لارڈ ایپا اور ہندؤں کے دیگر دیوتاؤں کے خلاف توہین آمیز ریمارک کرنے کا الزام ہے۔ ایپا بھکتوں کے ریاست گیر احتجاج کے بعد پولیس نے ضلع ہنمکنڈہ میں بھارت ناستک سماج کے ریاستی صدر نریش کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھکتوں کی شکایتوں پر ریاست کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نریش کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ تحقیر آمیز تبصرہ پر حیدرآباد سائبر کرائم سل نے بھی نریش کے خلاف کیس درج کیا ہے۔

ریاست کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نریش کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات 153A،208،295A اور505(2) کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ دو دن قبل کوڑنگل میں منعقدہ دلت گروپوں کے ایک اجلاس میں نریش نے لارڈ ایپا کی پیدائش پر نازیبا ریمارکس کئے۔

 علاوہ ازیں انہوں نے ہندوں دیوتاؤں شیوا اور وشنو کے خلاف بھی توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔نریش کے توہین آمیز ریمارکس کا ویڈیو، سوشل میڈیا کے مختلف پلاٹ فارم پر وائرل ہوگیا۔ جس کے بعد ایپا بھکتوں نے شدید احتجاج درج کرایا۔

اداکار اوربی جے پی لیڈر کرائے کلیان نے بھی پولیس میں شکایت درج کرائی۔ صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے نے حکمراں جماعت بی آر ایس سے مطالبہ کیا کہ خاطی کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ بی جے پی کے ایم ایل اے راجہ سنگھ نے نریش کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر پولیس کو آڑے ہاتھوں لیا۔