زائد برقی طلب پر چارجس میں اضافہ سے متعلق مرکز کا فیصلہ بدبختانہ
ریاستی وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ برقی طلب میں عروج کے دوران استعمال کردہ برقی پر چارجس میں 20 فیصد اضافہ کرنے کے متعلق مرکزی حکومت کا فیصلہ عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ برقی طلب میں عروج کے دوران استعمال کردہ برقی پر چارجس میں 20 فیصد اضافہ کرنے کے متعلق مرکزی حکومت کا فیصلہ عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔
آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کا یہ فیصلہ عام عوام کو برقی کے استعمال سے محروم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ایس حکومت مرکز کے اپنے کسی بھی فیصلہ کو قبول نہیں کرے گی جس سے غریب عوام کی جیبوں پر بار پڑتا ہے۔
چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ٹرو آف چارجس کے متعلق لئے گئے فیصلہ کو بی آر ایس حکومت کی عوام سے ہمدردی کی مثال قرار دیتے ہوئے جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹریسٹی ریگو لیٹری اتھاریٹی کی جانب سے ٹرو آف چارجس میں اضافہ کرنے کی سفارش کو چیف منسٹر نے نظر انداز کرتے ہوئے ڈسکامس کے12,000 کروڑ خسارہ کی حکومت کی جانب سے پابجائی کرنے کا اعلان کیا گیا۔
ان کا فیصلہ عام عوام کو برقی چارجس میں اضافہ کی تکلیف سے دور کرنے کے لئے لیا گیا اقدام ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ اس فیصلہ سے عوام گرما میں برقی کے استعمال بغیر روک ٹوک جاری رکھ سکیں گے۔