پبلک سرویس کمیشن کے امتحان میں 100 نشانات کے حصول پر پوچھ تاچھ
شہر کے حمات نگر علاقہ میں واقع ایس آئی ٹی کے دفتر پر آج اُس وقت گہما گہمی دیکھی گئی جب طلباء اور اولیائے طلباء کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔

حیدرآباد: شہر کے حمات نگر علاقہ میں واقع ایس آئی ٹی کے دفتر پر آج اُس وقت گہما گہمی دیکھی گئی جب طلباء اور اولیائے طلباء کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔
طلبا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فون کرتے ہوئے دفتر ایس آئی ٹی پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ان طلباء سے ٹی ایس پی ایس سی امتحان میں ایک سوسے زیادہ نشانات حاصل ہونے کے متعلق سوال کیا گیا۔
طلباء نے ایس آئی ٹی عہدیداروں کو بتایا کہ وہ یو پی ایس سی امتحان میں شرکت کے لئے تیار ی کررہے ہیں اور گروپ امتحانات تحریر کرچکے ہیں۔ شائد اسی تیاری کے باعث انہیں ایک سو سے زیادہ نشانات حاصل ہوئے ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ایس آئی ٹی کی جانب سے تقریباً15 طلباء کو طلب کرتے ہوئے ان سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔
طلباء نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ ان کا اور ٹی ایس پی ایس سی پیپر لیک میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ طلباء نے بتایا کہ ہم نے عہدیداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے ان کے تمام سوالات کے جواب دئیے۔
ہم سے ایک فارم تکمیل کرنے کیلئے کہا گیا اور ہم نے ایسا کردیا۔ ٹی ایس پی ایس سی کی کلید(Key) کی بنیاد پر ہمارا بیان درج کیا گیا۔ ہم اس مقدمہ میں ملزم نہیں ہیں۔
دوسری طرف ٹی ایس پی ایس سی امتحان میں ایک سونشانات سے زیادہ حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کو ایس آئی ٹی کے دفتر طلب کرتے ہوئے ان سے حقائق معلوم کرنے کی کوشش کا آغاز کردیا گیا۔