دہلی

طیارہ میں سگریٹ نوشی‘ بابی کٹاریہ کے خلاف ایف آئی آر

دہلی پولیس نے اسپائس جیٹ کی پرواز میں سگریٹ جلانے کا ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا انفلوئنسر بابی کٹاریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

نئی دہلی: دہلی پولیس نے اسپائس جیٹ کی پرواز میں سگریٹ جلانے کا ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا انفلوئنسر بابی کٹاریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

عہدیداروں نے منگل کے دن یہ بات بتائی۔ اندراگاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پولیس اسٹیشن میں 13 اگست کو منیجر لیگل اینڈ کمپنی افیرس اسپائس جیٹ جسبیر سنگھ نے شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت میں کہا گیا کہ بلونت کٹاریہ عرف بابی کٹاریہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر اور ویڈیوز اَپ لوڈ کی ہیں جس میں اسے جنوری 2022 میں دُبئی تا دہلی اسپائس جیٹ کی پرواز SG706 میں سگریٹ جلاتے اور پیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

باڈی بلڈر بابی کٹاریہ کے انسٹاگرام پر 6 لاکھ 30ہزار فالوورس ہیں۔ گزشتہ ہفتہ وزیر شہری ہوابازی جیوتر آدتیہ سندھیا نے اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔