عوام کی آنکھوں کی حفاظت میں حکومت کا ناقابل تسخیر ریکارڈ
ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کی آنکھوں کی حفاظت میں حکومت تلنگانہ کا ناقابل تسخیر ریکارڈ رہا ہے۔ اسکول جانے والے طالب علم سے بزرگ شہری تک کی آنکھوں کے مسائل کو دور کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ کا یہ کارنامہ دوسری ریاستوں کے لئے قابل تقلید ہے۔
حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کی آنکھوں کی حفاظت میں حکومت تلنگانہ کا ناقابل تسخیر ریکارڈ رہا ہے۔ اسکول جانے والے طالب علم سے بزرگ شہری تک کی آنکھوں کے مسائل کو دور کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ کا یہ کارنامہ دوسری ریاستوں کے لئے قابل تقلید ہے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ انسانی مزاج ہے کہ ابتداء میں چھوٹے چھوٹے مسائل کو نظر انداز کرتا ہے مگر یہی چھوٹے چھوٹے مسائل آگے چل کر پریشان کن صورت اختیار کرلیتے ہیں۔ اسی طرح آنکھوں کے مسائل بھی ہیں۔
حکومت تلنگانہ نے عوام کی صحت مند آنکھوں اور تیز بینائی کی برقراری کیلئے دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا کمیونٹی پروگرام کنٹی ویلگو شروع کیا اور اس پرکامیابی کے ساتھ عمل کیا گیا۔ آج ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی کے ساتھ سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں فیاکو مشین(Phaco Machine) کی سہولت کا آغاز کرنے کے بعد ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام کو آنکھوں کے امراض کے علاج میں مزید بہتر انداز میں خدمات پہنچانے کیلئے اس نئی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
کنٹراکٹ سرجریز کے لئے یہ مشین انتہائی مفید ثابت ہوتی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ الٹراساونڈ ٹکنالوجی کے ذریعہ کام کرنے والے فیاکو مشین کے ذریعہ آپریشن کی انجام دہی میں سہولت کے ساتھ ساتھ مریض کے جلد از جلد صحت یاب ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاست بھر میں 12فیاکو مشین لگائے گئے ہیں۔
ان سب کا آج ایک ہی وقت آغاز کیا گیا۔ سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں دو، ملک پیٹ ائیریا ہاسپٹل، محبوب نگر، ورنگل،نظام آباد، سنگاریڈی، عادل آباد، کریم نگر، وقار آبادنلگنڈ اور، کھمم میں ایک ایک فیاکو مشین لگائی گئی ہے۔ ہر فیاکو مشین کی خریداری پر28.85 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں تاہم حکومت نے12مشین کو3.46 کروڑ روپے میں حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہاسپٹلس میں اس مشین کے ذریعہ سرجری کیلئے 30ہزار تا 40ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں مگر حکومت نے مفت سرجریز کا نظم کیا ہے۔ اس مشین کے ذریعہ سرجری کیلئے ڈاکٹرس کو خصوصی طور پر تربیت فراہم کی گئی ہے۔ کنٹی ویلگو پروگرام کے تحت ضرورت مند افراد کا ان مشینس کو استعمال کرتے ہوئے آپریشن انجام دئیے جائیں گے۔
ہریش راؤ نے کہا کہ گذ شتہ 100دنوں کے دوران کنٹی ویلگو پروگرام کے تحت 1.62 کروڑ عوام کے آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ 40.59 لاکھ افراد کو25.1 فیصد کو عینکیں فراہم کی گئیں جن میں 22.51 کو ریڈنگ گلاس اور18.08 لاکھ افراد میں پرسکرپشن گلاس دئیے گئے جو عالمی سطح پر ایک ناقابل تسخیر ریکارڈ ہے۔