زیر زمین پانی کی صورتحال نے کھڑا کردیا نیا مسئلہ!
رِگ اونرس اسوسی ایشن نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ زیر زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی اور کسانوں و گھریلو صارفین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر بورویل کی کھدائی سے متعلق موجودہ ضوابط میں ترمیم کی جائے۔
تلنگانہ میں بورویل کھودنے کی اجازت کی موجودہ گہرائی 120 میٹر سے بڑھا کر 250 تا 300 میٹر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رِگ اونرس اسوسی ایشن نے ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ زیر زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی اور کسانوں و گھریلو صارفین کو درپیش مشکلات کے پیش نظر بورویل کی کھدائی سے متعلق موجودہ ضوابط میں ترمیم کی جائے۔
اسوسی ایشن نے حکومت کو پیش کردہ نمائندگی میں جی او 259 میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کئی علاقوں میں زیر زمین پانی زیادہ گہرائی پر دستیاب ہے، ایسے میں 120 میٹر تک کھدائی کی پابندی کے باعث بورویل ناکام ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سے کسانوں، گھریلو صارفین اور زیر زمین پانی پر انحصار کرنے والے دیگر افراد کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔ اسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ بورویل کی کھدائی کی اجازت مقامی سطح پر زیر زمین پانی کی دستیابی اور ماہر ارضیات کی سفارشات کی بنیاد پر دی جائے۔
اسوسی ایشن نے رِگ مالکان پر اضافی فیس، جرمانے اور مزید پابندیاں عائد کرنے کی بھی مخالفت کی۔ اس کا کہنا ہے کہ بورویل کھدائی کا شعبہ مختلف ٹیکسوں اور قانونی ادائیگیوں کے ذریعہ پہلے ہی سرکاری خزانے میں نمایاں حصہ ادا کررہا ہے۔
اسوسی ایشن نے تعمیراتی شعبہ میں بورویل پانی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی عمارتوں، سڑکوں، پلوں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں سمیت متعدد بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں بورویل کی کھدائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس شعبہ سے ہزاروں افراد کو روزگار بھی حاصل ہوتا ہے۔
اسوسی ایشن نے حکومت سے اپیل کی کہ بورویل کھدائی کے ضوابط میں کسی بھی تبدیلی سے قبل رِگ مالکان کے ساتھ مشاورت کی جائے۔ اس مقصد کے لیے سرکاری عہدیداروں اور صنعت سے وابستہ نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اسوسی ایشن نے واضح کیا کہ وہ زیر زمین پانی کے تحفظ کی حمایت کرتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ اس نے بورویل کے ریکارڈ کی تیاری، ماہرین ارضیات کی سفارشات پر عمل آوری، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور پانی کی سطح میں اضافے کے لیے ریچارج پٹس کی تعمیر میں تعاون کی پیشکش کی۔
اسوسی ایشن کے صدر مسکو انجیا ریڈی، ٹی وینکٹیش، جنرل سکریٹریز جی نرسا ریڈی اور اورگنٹی لکشمی نارائنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جی او 259 میں جلد از جلد ترمیم کرتے ہوئے بورویل کھدائی کی اجازت کی گہرائی میں اضافہ کیا جائے۔