مشرق وسطیٰ
ایران کیخلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا: ابراہیم رئیسی
یوکرین کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے روس کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے علاوہ مہاجر-6 ڈرونز بھی فراہم کیے گئے تھے تاہم ایران نےامریکی الزامات مسترد کردیے تھے۔
تہران: ایران میں مقامی طور پر بنائے گئے جدید ڈرون کی رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کو کاٹ دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے مقامی طور پر بنائے گئے مہاجر-6 سے دوگنا صلاحیتوں کے حامل جدید ڈرون مہاجر-10 کی رونمائی کی گئی، جدید ڈرون 2 ہزار کلومیٹر آپریشنل رینج کے ساتھ، 24 گھنٹے تک پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی ڈرون مہاجر-10، تین سو کلوگرام تک پے لوڈ لے جانے کی صلاحیت سے بھی لیس ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے ایران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے روس کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے علاوہ مہاجر-6 ڈرونز بھی فراہم کیے گئے تھے تاہم ایران نےامریکی الزامات مسترد کردیے تھے۔