مشرق وسطیٰ

حوثی گروپ نے خلیج عدن میں دو امریکی بحری جہازوں پر حملہ کیا

یمن کے حوثی گروپ نے خلیج عدن میں امریکی بحری جہازوں پر میزائل حملوں کا اعلان کیا ہے۔

صنعاء: یمن کے حوثی گروپ نے خلیج عدن میں امریکی بحری جہازوں پر میزائل حملوں کا اعلان کیا ہے۔

گروپ کے سیٹلائٹ ٹی وی چینل المسیرہ سے نشر کیے گئے ایک بیان میں، حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے نقصان یا جانی نقصان کی تفصیلات نہیں بتائیں، لیکن کہا کہ حملوں میں امریکی بحری جہازوں، سی چیمپیئن اور نویس فورٹونا ​​کو نشانہ بناکر حملے کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثیوں کی مجموعی کارروائیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ پہلے ایک برطانوی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے وہ مکمل طور پر ڈوب گیا۔

دوسری کارروائی میں الحدیدہ گورنریٹ کی فضائی حدود میں ایک امریکی ایم کیو9 ڈرون کو مار گرایا گیا اور اب دو حملوں میں دو امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حوثی فوجی ترجمان نے کہا، ’’بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس وقت تک نہیں رکیں گی جب تک حماس کے خلاف اسرائیل کے حملے بند نہیں ہوتے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں پر محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا۔

دوسری جانب امریکہ کی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ شمالی یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں سے برطانوی کارگو جہاز تباہ ہوگیا۔

یو ایس سنٹرل کمانڈ نے کہا، "18 فروری کو رات 9:30 اور 10:45 کے درمیان، دو اینٹی شپ بیلسٹک میزائلیں یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقوں سے بیلیز کے جھنڈے والے، برطانوی ملکیت والے بلک کیریئر ایم وی روبیمار کی طرف فائر کی گئیں۔

قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز امریکی سینٹرل کمانڈ نے حوثیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے پانچ کامیاب سیلف ڈیفنس حملے کیے۔

a3w
a3w