حیدرآباد

رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، رحمتوں کا مہینہ شروع

رمضان المبارک وہ بابرکت اور مقدس مہینہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے امتِ محمدیہ ﷺ کے لیے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنایا ہے۔ یہی وہ عظیم مہینہ ہے جس میں قرآنِ مجید نازل ہوا، جو انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے علاوہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی باضابطہ تصدیق ہوگئی ہے۔ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اور صدر مجلس علماء دکن کو موصول ہونے والی مستند اور معتبر شہادتوں کی روشنی میں یہ اعلان کیا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن کی شرعی جانچ اور تصدیق کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
روس اور چین کا چاند پر نیوکلیئر پاور پلانٹ لگانے کا منصوبہ
چین کا 2030 تک چاند پر انسان بردار مشن بھیجنے کا منصوبہ

اعلامیہ کے مطابق 19 فروری 2026، بروز جمعرات یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی آج کی رات پہلی تراویح ادا کی جائے گی، جبکہ اہلِ ایمان سحری کا اہتمام کرتے ہوئے کل سے روزوں کا آغاز کریں گے۔

رمضان المبارک وہ بابرکت اور مقدس مہینہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے امتِ محمدیہ ﷺ کے لیے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنایا ہے۔ یہی وہ عظیم مہینہ ہے جس میں قرآنِ مجید نازل ہوا، جو انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

 اس ماہِ مقدس میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے، عبادات میں دل لگتا ہے، مساجد آباد ہو جاتی ہیں اور دل ذکرِ الٰہی سے روشن ہو جاتے ہیں۔

یہ مہینہ صبر، تقویٰ، ایثار اور ہمدردی کا پیغام دیتا ہے۔ روزہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ نفس کی اصلاح، خواہشات پر قابو اور اچھے اخلاق اپنانے کی عملی تربیت ہے۔

رمضان ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم ضرورت مندوں کا خیال رکھیں، زکوٰۃ و صدقات کے ذریعے سماجی بھلائی کو فروغ دیں اور آپس میں محبت، بھائی چارے اور اخوت کو مضبوط کریں۔

حیدرآباد دکن کی تاریخی مساجد، خصوصاً مکہ مسجد اور دیگر عبادت گاہوں میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دیکھنے کو ملیں گے، جہاں تراویح کی صدائیں گونجیں گی، قرآن کی تلاوت ہوگی اور شب بیداریوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

ملک بھر میں مسلمانانِ ہند اس مقدس مہینے کا استقبال عبادت، دعا، ذکر و اذکار اور تلاوتِ قرآن کے ذریعے کریں گے۔

منصف نیوز 24/7 کی جانب سے عالمِ اسلام، ملک کے تمام اہلِ ایمان اور ناظرین کو رمضان المبارک کی دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔

ایڈیٹر اِن چیف، دی منصف اردو ڈیلی کی جانب سے بھی تمام قارئینِ کرام اور اہلِ اسلام کو رمضان المبارک کی پُرخلوص مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت مہینے کی حقیقی قدر کرنے، زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے، اپنی رضا حاصل کرنے اور ہماری دعاؤں کو قبول فرمائے، نیز امتِ مسلمہ کو اتحاد، امن اور سلامتی عطا فرمائے۔ آمین۔