مسلم کنونشن کا جلد انعقاد، صدر تحریک مسلم شبان مشتاق ملک کا بیان
صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے کہا کہ 3 مارچ کو ایم پی گارڈن فنکشن پیالیس مہدی پٹنم میں ریاست کے ممتاز مسلم جماعتوں کے نمائندوں‘ علماء و مشائخین اور سماجی تنظیموں کا ایک روزہ مسلم کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
حیدرآباد: صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے کہا کہ 3 مارچ کو ایم پی گارڈن فنکشن پیالیس مہدی پٹنم میں ریاست کے ممتاز مسلم جماعتوں کے نمائندوں‘ علماء و مشائخین اور سماجی تنظیموں کا ایک روزہ مسلم کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
اس کنونشن میں ملک اور تلنگانہ کے مسلم معاشرے کو درپیش چالنجوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے کہا کہ ان کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مسلم شبان‘ جمعیت اہل حدیث‘ شریعت فیصلہ بورڈ‘ وحدت اسلامی‘ شیعہ کونسل‘ آل انڈیا سیرت کمیٹی‘ ویلفیر پارٹی آف انڈیا‘ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس و دیگر تنظیموں نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں 3 مارچ کو ایک روزہ مسلم کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں مسلم رہنماؤں نے مذہبی شناخت ثقافت اور ورثے پر حملے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جو مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے ملک کے عوام بالخصوص اقلیتوں میں شعور پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 1991 میں مساجد‘ درگاہوں کے تحفظ کے لئے جو قانون بنایا گیا ہے اس قانون پر عمل آوری کرنا چاہئے۔ انہوں نے ملک کے سیکولر جماعتوں کی جانب سے دہلی میں 600 سال کی قدیم مہر ولی مسجد‘ مسجد اور اتراکھنڈ کے ہلدوانی کا مریم مدرسہ کے بارے میں کوئی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکولر جماعتیں اس طرح خاموش رہیں گی تو فرقہ پرست طاقتوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ ان طاقتوں سے کوئی بھی مدرسہ اور مسجد محفوظ نہیں رہے گی۔ انہوں نے تلنگانہ مسلم کنونشن میں شرکت کرنے کے لئے تمام فرقوں اور مکاتیب فکر سے اپیل کی۔