پھول والوں کی سیر نے گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھا: آتشی
چیف منسٹر دہلی آتشی نے ہفتہ کے دن مہرولی کے تاریخی جہاز محل میں ”پھول والوں کی سیر“ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) چیف منسٹر دہلی آتشی نے ہفتہ کے دن مہرولی کے تاریخی جہاز محل میں ”پھول والوں کی سیر“ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ فیسٹول دہلی کی گنگاجمنی تہذیب کی بقاء اور کثرت میں وحدت کو بڑھاوادینے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پھول والوں کی سیر محض ایک تقریب نہیں ہے۔ اس نے صدیوں پرانی گنگاجمنی تہذیب کی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ اِس نے انسانیت کا پیام عام کیا ہے۔
یہ فیسٹول مختلف برادریوں کو قریب میں لاتا ہے۔ ہندوستان بھر کے فنکار اِس میں حصہ لیتے ہیں۔ مسحور کردینے والی قوالی سے فضاء فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے بھر جاتی ہے۔ حاضرین سے خطاب میں آتشی نے دہلی میں اپنی بچپن کی یادیں تازہ کیں۔ انہوں نے شہر کی سب کو متحد رکھنے کی اسپرٹ کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پرورش دہلی یونیورسٹی کیمپس میں ہوئی جہاں ان کے والدین پروفیسرس تھے۔ انہوں نے ایسا ماحول دیکھا جس میں مختلف مذاہب کے تہوار مل جل کر منائے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ سے میں نے یہ تک محسوس نہیں کیا کہ کونسا تہوار کس مذہب کا ہے۔
انہوں نے سماج میں اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ دل والوں کا شہر ہے جو پھول والوں کی سیر جیسے فیسٹول کو انسانیت کے تہوار کے طور پر اپناتا ہے۔ انہوں نے سیاستدانوں کو مشورہ دیا کہ وہ پھوٹ ڈالنے کے بجائے تعلیم، علاج معالجہ اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دیں۔