آتشی نے دہلی کی 8 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا
عام آدمی پارٹی قائد آتشی نے پیر کے دن دہلی کی 8 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھرت کی طرح کام کریں گی جس نے ایودھیا کے تخت پر اپنے بڑے بھائی بھگوان رام کے ”کھڑاویں“رکھ کر حکومت کی تھی۔

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی قائد آتشی نے پیر کے دن دہلی کی 8 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھرت کی طرح کام کریں گی جس نے ایودھیا کے تخت پر اپنے بڑے بھائی بھگوان رام کے ”کھڑاویں“رکھ کر حکومت کی تھی۔
وہ کجریوال کی کرسی پر نہیں بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے دفتر میں کجریوال کی کرسی خالی ہی رہے گی۔ وہ سفید کرسی پر بیٹھیں جو کجریوال کی کرسی کے بازو ہے۔ دہلی بی جے پی کے صدر ویریندر سچدیو نے یہ کہتے ہوئے آتشی پر تنقید کی کہ یہ چیف منسٹر کے عہدہ کی ”توہین“ ہے۔
آتشی نے تعلیم‘ مال گزاری‘ فینانس‘ برقی اور پی ڈبلیو ڈی کے بشمول وہ 13 قلمدان اپنے پاس رکھے جو انہیں کجریوال حکومت میں حاصل تھے۔
انہوں نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کہا کہ میں چیف منسٹر دہلی کی حیثیت سے 4 ماہ بھرت کی طرح کام کروں گی جس نے تخت پر بھگوان رام کے کھڑاویں رکھے تھے۔
اروند کجریوال نے چیف منسٹری چھوڑکر سیاست میں وقار کی ایک مثال قائم کی ہے۔ بی جے پی نے ان کی امیج مسخ کرنے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ دہلی سکریٹریٹ میں وزیر ماحولیات گوپال رائے نے بھی چارج لیا۔
آتشی کی نئی کابینہ کے سامنے زیرالتوا پراجکٹس کی طویل فہرست ہے۔ دہلی میں آئندہ سال فروری میں اسمبلی الیکشن ہونے والا ہے۔