کرناٹک

کرناٹک میں فلم ‘ہمارے بارہ’ کی ریلیز پر پابندی

ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کئی مسلم تنظیموں کی درخواستوں کے بعد لیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم میں ان کی برادری کو اشتعال انگیز اور توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا ہے۔

بنگلورو: کرناٹک حکومت نے کمل چندر کی ہدایت کاری اور انو کپور کی اداکاری والی ہندی فلم ‘ہمارے بارہ’ کی ریلیز پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی ہے۔

متعلقہ خبریں
پاکستانی علماء، ہماری رہنمائی کریں : مفتی نورولی محسود
40وکلاء کے خلاف ”جھوٹا کیس“ درج کرنے پر پولیس عہدیدار معطل

یہ فلم جمعہ کو ریلیز ہونے والی تھی۔ ریاستی حکومت نے فرقہ وارانہ بدامنی کے خدشے کے پیش نظر کرناٹک سنیما (ریگولیشن) ایکٹ کی دفعہ 15(1) اور 15(5) کے تحت یہ پابندی عائد کی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق میڈیا پلیٹ فارمز پر فلم کے ٹریلر کی نمائش پر بھی ہوتا ہے۔

ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کئی مسلم تنظیموں کی درخواستوں کے بعد لیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم میں ان کی برادری کو اشتعال انگیز اور توہین آمیز انداز میں دکھایا گیا ہے۔

5 جون کے حکومتی حکم نامے کے مطابق فلم کے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر نے قرآن مجید کی آیات کی غلط تشریح کی ہے جس کی وجہ سے گمراہ کن اور اشتعال انگیز مواد منظر عام پر آیا ہے۔

مبینہ طور پر اس فلم میں ایسے مناظر ہیں جو ایک کمیونٹی کو دوسری کمیونٹی کے خلاف بھڑکا سکتے ہیں اور ایک کمیونٹی کو توہین آمیز انداز میں پیش کرتے ہیں۔ آرڈر میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز سے امن میں خلل پڑ سکتا ہے اور فرقہ وارانہ فسادات بھڑک سکتے ہیں۔

ریاست کے محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ ریاست میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فلم کو اگلے دو ہفتوں تک یا اگلے احکامات تک کرناٹک میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔