اچانک سڑک دھنس گئی، کار 10 فٹ گہرے گڑھے میں جاگری (ویڈیو)
حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں کار کو بڑے گڑھے کے اندر الٹی ہوئی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت کار میں ایک مرد اور ایک خاتون سوار تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد محفوظ ہیں اور انہیں کسی بڑے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
چنئی میں جمعرات کی صبح ایک خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیڈل پارک کے قریب تھرووانمیور روڈ کا ایک حصہ اچانک دھنس گیا۔ سڑک کے بیٹھ جانے سے وہاں سے گزر رہی ایک کار تقریباً 10 فٹ گہرے گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی، جس کے نتیجے میں علاقے میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔
حادثے کی سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں کار کو بڑے گڑھے کے اندر الٹی ہوئی حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت کار میں ایک مرد اور ایک خاتون سوار تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں افراد محفوظ ہیں اور انہیں کسی بڑے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع کے مطابق سڑک اچانک بیٹھ گئی، جس کی وجہ سے ڈرائیور کو گاڑی سنبھالنے کا موقع نہیں مل سکا۔ سڑک کا حصہ منہدم ہوتے ہی کار کا توازن بگڑا اور وہ گڑھے میں جاگری۔
جس مقام پر یہ حادثہ پیش آیا، وہاں میٹرو ریل کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سڑک کے اچانک دھنسنے کے بعد تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
حادثے کے بعد متاثرہ سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ حکام اور تعمیراتی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو محفوظ بنانے کے اقدامات شروع کردیئے، جبکہ میٹرو کے کارکنوں نے سڑک کی مرمت اور بحالی کا کام بھی شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ تھرووانمیور علاقے میں سڑک دھنسنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ مئی 2025 میں تھرووانمیور جنکشن کے قریب اولڈ مہابلی پورم روڈ (او ایم آر) پر بھی اسی طرح سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا تھا۔ اس وقت ایک پرانی سیوریج پائپ لائن فیل ہونے کے بعد تقریباً 6 فٹ گہرا گڑھا بن گیا تھا، جس میں ایک کار جاگری تھی اور حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔