حکومت یوپی نے اکھلیش کے طیارہ کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی
پارٹی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پہلے سے معلنہ پروگرام کے مطابق قومی صدر اکھلیش یادو 4 فروری کو مرادآباد میں ایک تقریب میں مدعو تھے لیکن یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ان کے طیارہ کو لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
لکھنو/ مرادآباد (اترپردیش): سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے آج الزام عائد کیا کہ حکومت ِ اترپردیش نے اس کے سربراہ اکھلیش یادو کے طیارہ کو مرادآباد میں اترنے کی اجازت نہیں دی۔ ضلع انتظامیہ نے اس الزام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ جاریہ تعمیراتی کام کی وجہ سے لینڈنگ کو منسوخ کیا گیا۔
پارٹی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پہلے سے معلنہ پروگرام کے مطابق قومی صدر اکھلیش یادو 4 فروری کو مرادآباد میں ایک تقریب میں مدعو تھے لیکن یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے ان کے طیارہ کو لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت حرکت ہے۔ بی جے پی کا غرور جلد ٹوٹ جائے گا۔ سٹی مجسٹریٹ جیوتی سنگھ سے ربط پیدا کرنے پر انہوں نے کہا کہ فضائی پٹی پر فی الحال تعمیراتی کام جاری ہے۔ وہاں کسی طیارہ کا اترنا‘ ممکن نہیں۔ شیڈول کے مطابق اکھلیش یادو ہفتہ کے دن مُدھا پانڈے فضائی پٹی پر لینڈ کرنے والے تھے۔