کار میں پھنسی خاتون کو دیڑھ کیلو میٹر تک گھسیٹا گیا
پولیس نے نوجوانوں کی مدد سے شدید طور سے زخمی خاتون کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بدھونا پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا۔
اوریا: اترپردیش کے ضلع اوریا کے قصبہ بدھونا میں سڑک عبور کررہی خاتون کو منگل کی دیر رات ایک کار نے ٹکر مار دی جس سے وہ سڑک پر گر کر کار میں ہی پھنس گئی۔ ڈرائیور کار کو لے کر بھاگنے کی کوشش میں خاتون کو تقریبا ڈیڑھ کلو میٹر تک گھسیٹا چلا گیا۔
پولیس ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ بدھونا کے محلہ آریہ نگر کی رہنے والی ریتا دیوی (61) رات دیر گئے نگر پنچایت دفتر کے سامنے اپنے ایک مکان سے دوسرے مکان کی طرف سڑک عبور کر رہی تھی کہ بیلہ کی طرف سے آنے والی ایک تیز رفتار آلٹو کار نے ٹکر مار دی۔
جس کی وجہ سے خاتون سڑک پر گر گئی اور گاڑی کے نیچے آکر اس میں پھنس گئی اور ڈیڑھ کلو میٹر دور تحصیل کے قریب ننگی پلورٹ تک گھسیٹتی چلی گئی۔
کار کے ذریعہ خاتون کو ٹکر مارنے اور اس میں پھنس کر گھسٹتی خاتون کو دیکھ کر کچھ نوجوانوں نے کار کا تعاقب کیا۔ اس دوران اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کار ڈرائیور نے پھنسی ہوئی خاتون کو تحصیل ایروکٹرہ روڈ پر نکڑی پلیا کے قریب باہر نکالااور فرار ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیچھے سے پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے نوجوانوں کی مدد سے شدید طور سے زخمی خاتون کو علاج کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بدھونا پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے خاتون کو مردہ قرار دے دیا۔ کوتوالی انچارج للت کمار نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کرنے کے ساتھ کار اور ڈرائیور کی تلاش میں لگی ہوئی ہے۔