ویڈیو: پاسپورٹ کو بنا دیا فون ڈائری اور حساب کتاب کی کاپی!
سات سال پرانا ویڈیو دوبارہ وائرل، والد کے پاسپورٹ میں بیوی نے رشتہ داروں کے نمبر اور گھریلو اخراجات کا حساب لکھ دیا
کیرالا۔ 4 نومبر: ایک خاتون نے اپنے شوہر کے پاسپورٹ کو ایسی ڈائری میں تبدیل کردیا کہ دیکھنے والے اپنی ہنسی نہیں روک پا رہے ہیں۔ کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کا سات سال پرانا ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہورہا ہے، جس میں وہ اپنے والد کے پرانے ہندوستانی پاسپورٹ کے صفحات دکھاتے ہوئے والدہ کی دلچسپ حرکت کا انکشاف کررہا ہے۔
عام طور پر پاسپورٹ کو ایک اہم سرکاری دستاویز سمجھتے ہوئے انتہائی احتیاط سے محفوظ رکھا جاتا ہے، لیکن اس خاندان میں اس کا استعمال کچھ مختلف انداز میں کیا گیا۔ خاتون نے پاسپورٹ کے خالی صفحات کو فون ڈائری اور گھریلو حساب کتاب کی کاپی بنا دیا تھا۔
ویڈیو میں نوجوان اپنے والد کا پاسپورٹ دکھاتے ہوئے ہنستا ہے اور بتاتا ہے کہ اس کی والدہ نے اس میں رشتہ داروں، جاننے والوں اور مختلف کام کرنے والے افراد کے فون نمبر درج کررکھے ہیں۔ یہاں تک کہ اخبار پہنچانے والے راجو پترم سے لے کر امبیلی دیدی تک کے نام اور رابطہ نمبر بھی اسی پاسپورٹ میں موجود ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاسپورٹ کے آخری صفحات پر گھریلو اخراجات کا مکمل حساب بھی لکھا ہوا ہے۔ اس میں کسی کو دی گئی 2 ہزار روپے کی رقم، شادی کے شگون کے ایک ہزار روپے، دواؤں پر 500 روپے اور تیل پر خرچ ہونے والے 500 روپے تک کی تفصیلات درج ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری راشن کی دکان، پٹرول کے اخراجات اور کمیٹی (چٹ فنڈ) کی رقم کا حساب بھی پاسپورٹ کے صفحات پر لکھا گیا ہے۔
اس انوکھے استعمال پر سوشل میڈیا صارفین مختلف دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ والدہ نے پاسپورٹ کو واقعی ایک رف نوٹ بک سمجھ لیا تھا، جبکہ کچھ نے اسے پرانے زمانے کی پاکٹ ڈائری قرار دیا۔ ایک صارف نے تو اسے کاغذ بچانے کا بہترین طریقہ بھی بتایا۔
واضح رہے کہ یہ ویڈیو تقریباً سات سال پرانا ہے، جو اب دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا پاسپورٹ ایک پرانا اور میعاد ختم ہوچکا دستاویز ہے اور اس واقعہ کا کسی سرکاری پاسپورٹ دفتر یا عہدیدار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔