شرد پوار کو گولی ماردینے کی دھمکی
این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تاپسے نے کہا کہ دھمکی کال کرنے والا شخص "ذہنی طور پر ٹھیک نہیں" لگتا ہے جو پوار کی رہائش گاہ پر وقفے وقفے سے فون کرتا رہتا ہے اور ایسی دھمکیاں دیتا ہے۔
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار کو منگل کو ان کی رہائش گاہ پر ایک نامعلوم شخص کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی کا کال موصول ہوا پولیس نے یہ اطلاع دی پولیس نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے مسٹر پوار کو جنوبی ممبئی میں واقع ان کی سلور اوک میں واقع رہائش گاہ پر فون کرکے انہیں گولی مارنے کی دھمکی دی۔
انہوں نے بتایا کہ فون کرنے والے کی شناخت ہوگئی ہے اور وہ بہار کا رہنے والا ہے۔ اس سے پہلے بھی اسی شخص نے مسٹر پوار کو فون کرکے دھمکی دی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اس شخص کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا اور بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تاپسے نے کہا کہ دھمکی کال کرنے والا شخص "ذہنی طور پر ٹھیک نہیں” لگتا ہے جو مسٹر پوار کی رہائش گاہ پر وقفے وقفے سے فون کرتا رہتا ہے اور ایسی دھمکیاں دیتا ہے۔
تاپسی نے کہاکہ "انہوں نے پچھلے کچھ دنوں میں کئی بار فون کیا ہے اور اسی طرح کی دھمکیاں دی ہیں۔ پولیس کو مطلع کر دیا گیا ہے۔” اس واقعہ کے سلسلے میں مقامی گام دیوی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔