بھارت جوڑو یاترا روک دینے کی دھمکی
راہول گاندھی نے سچن پائلٹ کو چیف منسٹر بنادیا تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا ورنہ یاترا کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرجر برادری کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ریاستی حکومت ان کے دیرینہ مسائل حل کردے۔
جئے پور: گرجر قائد وجئے سنگھ بینسلا نے دھمکی دی ہے کہ سچن پائلٹ کو چیف منسٹر بنانے کا ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو راجستھان میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی برادری کے دیگر زیرالتوا مسائل بھی حل کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گرجر آکرشن سنگھرش سمیتی کے قائدین چہارشنبہ سے حرکت میں آجائیں گے تاکہ یاترا کو روکنے کی تیاری کی جائے۔ بینسلا نے یاترا روکنے کی دھمکی دوسری مرتبہ دی ہے۔ یاترا 3 دسمبر کو راجستھان میں داخل ہونے والی ہے۔
بینسلا نے پیر کی رات دوسہ میں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ راہول گاندھی کو چاہئے کہ وہ سچن پائلٹ کو راجستھان کا چیف منسٹر بنادیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کانگریس حکومت 4 سال مکمل کرچکی ہے‘ ایک سال باقی ہے۔ سچن پائلٹ کو چیف منسٹر بنادینا چاہئے۔
راہول گاندھی نے سچن پائلٹ کو چیف منسٹر بنادیا تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا ورنہ یاترا کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرجر برادری کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ ریاستی حکومت ان کے دیرینہ مسائل حل کردے۔
پیر کے دن اپنی برادری کے ارکان کے ساتھ میٹنگ کے بعد ویڈیو بیان میں وجئے سنگھ بینسلا نے کہا کہ راہول گاندھی کو راجستھان آتے وقت گرجر چیف منسٹر کو اپنے ساتھ لیتے آنا چاہئے ورنہ انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گرجروں نے 2018 میں کانگریس کو اس امید میں ووٹ دیا تھا کہ گرجر چیف منسٹر بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رکن اسمبلی بنانے کے لئے نہیں بلکہ گرجر کو چیف منسٹر بنانے کے لئے ووٹ دیا تھا۔ آپ نے ایم ایل اے تو بنادیا‘ چیف منسٹر کب بنائیں گے۔
راہول گاندھی جی ہم اپنا چیف منسٹر چاہتے ہیں۔ 3 دسمبر کو جب آپ راجستھان آئیں گے تو یا تو گرجر چیف منسٹر کو ساتھ لیتے آئیں یا جواب ساتھ لائیں۔ انہوں نے کانگریس حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ گرجر برادری سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کررہی ہے۔
کئی مسائل زیرالتواہیں۔ گرجر قائدین‘ ریاست میں نوکریوں اور تعلیم میں کوٹہ مانگ رہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس گووند سنگھ دوتاسرا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ریاست میں یاترا روکنے کی کسی میں بھی ہمت نہیں۔
3 دسمبر کو راجستھان میں داخل ہونے کے بعد بھارت جوڑو یاترا 20 دن میں جھالاوار‘ کوٹا‘ بندی‘ سوائے مادھوپور‘ دوسہ اور الور کے علاقوں کا احاطہ کرے گی۔