غیر منقسم ضلع ورنگل میں ایک ہی دن تین کسانوں کی خودکشی، قرض کا بوجھ جان لیوا ثابت
پہلے واقعہ میں ضلع ورنگل کے منڈل نلہ بیلی کے بُجّو تھنڈہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کسان جاراپولا وینکٹیش نے آبپاشی کے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا گیا کہ انہوں نے دو ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کی تھی، لیکن فصل سے کوئی خاطر خواہ پیداوار حاصل نہیں ہوئی۔
ورنگل: غیر منقسم ضلع ورنگل میں ایک ہی دن تین کسانوں کی مبینہ خودکشی کے واقعات پیش آئے۔ بتایا جاتا ہے کہ فصلوں کی ناکامی اور بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ سے پریشان ہو کر تینوں کسانوں نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پہلے واقعہ میں ضلع ورنگل کے منڈل نلہ بیلی کے بُجّو تھنڈہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ کسان جاراپولا وینکٹیش نے آبپاشی کے کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ بتایا گیا کہ انہوں نے دو ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کی تھی، لیکن فصل سے کوئی خاطر خواہ پیداوار حاصل نہیں ہوئی۔
دوسرے واقعہ میں ضلع جنگاؤں کے منڈل نرمیٹہ کے گاؤں اگاپیٹہ کی 50 سالہ کسان میٹلا اپّلاما نے مبینہ طور پر کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کرلی۔ وہ کپاس کی کاشت میں بھاری نقصان سے پریشان تھیں۔
تیسرے واقعہ میں ضلع محبوب آباد کے اسلاوت تھنڈہ کے وینکٹ رام تھنڈہ سے تعلق رکھنے والے 58 سالہ کسان بانووت راملو نے بھی کیڑے مار دوا پی کر اپنی جان دے دی۔ انہوں نے دو ایکڑ اراضی پر دھان اور مکئی کی کاشت کی تھی، لیکن توقع کے مطابق پیداوار حاصل نہ ہونے کے باعث وہ قرض کے بوجھ تلے دب گئے تھے۔
ایک ہی دن تین کسانوں کی خودکشی کے واقعات نے خطے میں زرعی بحران اور کسانوں کی بدحالی کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔ فصلوں کی ناکامی، مالی مشکلات اور قرضوں کا بڑھتا بوجھ کسان خاندانوں کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔
ناقدین نے کسانوں کی خودکشی کے واقعات کے لیے کانگریس حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت کسانوں کو بلا تعطل برقی سربراہی اور مناسب آبپاشی کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان واقعات کے بعد کسانوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں مالی بحران سے بچانے کے لیے مؤثر حکومتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔