امریکہ میں 9/11 کے سانحہ کے تقریباً 24 سال بعد مزید تین متاثرین کی شناخت
چیف میڈیکل ایگزامینر ڈاکٹر جیسن گراہم نے پریس ریلیز میں کہا، "ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے سانحہ کے تقریباً 25 سال بعد، لاپتہ افراد کی شناخت اور ان کے لواحقین سے دوبارہ ملنے کا ہمارا عزم ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے۔"

نیویارک: امریکہ میں 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر دہشت گردانہ حملوں کے تقریباً 24 سال بعد بالآخر مزید تین متاثرین کی شناخت ہو گئی ہے۔
نیویارک کے چیف میڈیکل ایگزامینر کے دفتر (او سی ایم ای)نے جمعرات کے روز ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ متاثرین کی شناخت فلورل پارک، نیویارک کے ریان فٹزجیرالڈ (26) ، پام اسپرنگس، کیلیفورنیا کی باربرا کیٹنگ (72) اور ایک جواں عمر خاتون کے طور پر کی، جس کا نام اس کے خاندان کی درخواست پر خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ ان تینوں مہلوکین کے شناختی نمبر بالترتیب 1651، 1652 اور 1653 ہیں۔
او سی ایم ای نے کہا کہ ان کی شناخت حملے کے مقام سے برآمد ہونے والی باقیات کے ڈی این اے کے جدید تجزیہ اور اہل خانہ سے رابطے کے ذریعے ممکن ہوئی۔ او سی ایم ای نے کہا کہ فٹزجیرالڈ کی شناخت پہلی بار 2002 میں برآمد ہونے والی باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی گئی تھی، جب کہ کیٹنگ اور خاتون کی شناخت 2001 میں برآمد ہونے والی باقیات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملوں میں ایک اندازے کے مطابق 2,753 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ او سی ایم ای نے کہا کہ اب تک تقریباً 1,100 متاثرین کی باقیات نامعلوم ہیں۔
چیف میڈیکل ایگزامینر ڈاکٹر جیسن گراہم نے پریس ریلیز میں کہا، "ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے سانحہ کے تقریباً 25 سال بعد، لاپتہ افراد کی شناخت اور ان کے لواحقین سے دوبارہ ملنے کا ہمارا عزم ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے۔”
نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے تین نئے متاثرین کی شناخت کے اعلان کے بعد پریس بیان جاری کرکے کہا، "11 ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں میں اپنے عزیزوں کو کھونے کا درد کئی دہائیوں سے محسوس کیا جا رہا ہے، لیکن ان تین نئے متاثرین کی شناخت کے بعد، ہم متاثرہ خاندانوں کو تسلی دینے کے لیے ایک قدم آگے بڑھے ہیں جو ابھی تک اس دن کے درد سے نبردآزما ہیں۔ "