مسیح الدین قتل کیس میں ملوث 8 افراد گرفتار
پولیس کے مطابق، اس قتل میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ واردات میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔

حیدرآباد: رین بازار پولیس نے ایک قتل کیس میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جو روڈی شیٹر محمد مسیح الدین عرف مسیح ڈان کے قتل میں ملوث پائے گئے۔ پولیس نے سنتوش نگر کے یادگیر تھیٹر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ان تمام افراد کو حراست میں لے لیا۔
تحقیقات کے مطابق، یہ قتل ذاتی دشمنی کے نتیجے میں کیا گیا۔ ملزمان نے مسیح الدین پر چاقوؤں سے حملہ کیا، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے جائے واردات سے چار چاقو اور چار موٹر سائیکلیں بھی برآمد کیں، جو قتل کی واردات میں استعمال کی گئی تھیں۔
گرفتار کیے گئے افراد میں محمد پاشا جیلانی عرف شیر، عمر 42 سال، پیشہ ٹیکسٹائل کاروبار، رہائشی فرحت نگر دبیر پورہ؛ محمد عمر خان، عمر 29 سال، پھل فروش، رہائشی دبیر پورہ دروازہ؛ محمد عارف خان عرف خان، عمر 40 سال، موبائل و گوگلز کا کاروبار، رہائشی دبیر پورہ؛ محمد غوث الدین عرف سجی، عمر 36 سال، ریئل اسٹیٹ کاروبار، رہائشی فرحت نگر دبیر پورہ؛ محمد تبریز عرف طبّو، عمر 29 سال، ٹریولز کاروبار، رہائشی عنبر نگر بی تالاب کٹا؛ سید ابراہیم، عمر 36 سال، کاروباری، رہائشی کوماٹواڑی دبیر پورہ؛ سید بشیر عرف بشیر خان، عمر 40 سال، روڈسائڈ جوتوں کا کاروبار، رہائشی بہاوانی نگر تالاب کٹا؛ اور محمد ابوبکر عرف ابّو، عمر 28 سال، موبائل ریپئر کاروبار، رہائشی چنچلم تالاب کٹہ شامل ہیں۔
مقتول محمد مسیح الدین عمر 27 سال، رہائشی فاطمہ نگر فلک نما، حیدرآباد کمشنریٹ کا ایک مشہور روڈی شیٹر تھا۔ اس کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات درج تھے اور وہ مسیح روڈی شیٹر کے نام سے شہرت رکھتا تھا۔ 2017 میں اس کے خلاف پہلی بار روڈی شیٹ کھولی گئی، 2020 میں اسے پی ڈی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا، اور 2023 میں دوبارہ اس پر روڈی شیٹ کھولی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق، اس قتل میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ واردات میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کیا جا سکے۔
