شمالی بھارت

آج ہم بہت بڑی لڑائی لڑرہے ہیں: پرینکا گاندھی

انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرتے ہوئے کانگریس امیدوار حلقہ وائناڈ پرینکا گاندھی وڈرا نے پیر کے دن بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔

وائناڈ(کیرالا) (پی ٹی آئی) انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرتے ہوئے کانگریس امیدوار حلقہ وائناڈ پرینکا گاندھی وڈرا نے پیر کے دن بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔

متعلقہ خبریں
بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کی کانگریس حکومت اور چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
حکومت کی پالیسیوں سے کروڑوں افراد کی معاشی حالت کمزو :پرینکا
وائناڈ میں زمین کے نیچے سے آنے والی آوازیں سنیں گئیں
کانگریس کا مقصد خود کو خواتین کی انجمنوں کو مضبوط بنانا ہے
وزیراعظم۔ وزیر داخلہ کی جوڑی نے الیکشن کمیشن کی آزادی ختم کردی: کانگریس

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس حکومت میں دستور کی اقدار کی مسلسل نفی کی جارہی ہے۔ پہاڑی ضلع کے مینن گڑھی میں نکڑ میٹنگ سے خطاب میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری نے منی پور تشدد اور ملک میں اقلیتوں کے خلاف ”منصوبہ بند“ حملوں کا حوالہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ مرکز کی بی جے پی حکومت خوف‘ غصہ اور بے چینی پھیلارہی ہے۔ آپ نے دیکھا ہے کہ اقلیتوں پر حملے ہورہے ہیں۔ آپ منی پور حملے بھی دیکھ چکے ہیں۔ پرینکا نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم مودی کے دوستوں کو فائدہ پہنچانے پالیسی پر پالیسی بنتی جارہی ہے۔

عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔ دن رات محنت کرنے والے کسانوں سے کوئی ہمدردی نہیں۔ قبائلیوں کو کوئی پوچھتا نہیں جن کی زمینیں امیر لوگ چھین رہے ہیں۔ اپنے بھائی راہول گاندھی کے حوالہ سے جنہوں نے وائناڈ کی نشست خالی کی‘ پرینکا نے کہا کہ انہیں پتہ ہے کہ راہول گاندھی نے بوجھل من کے ساتھ وائناڈ چھوڑا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ مجھے پتہ ہے آپ لوگ اس لئے یہاں آئے ہیں کہ آپ لوگوں کو میرے بھائی سے انسیت ہے۔ آپ لوگ میرے بھائی کی فیملی ہیں۔ آج ہم بہت بڑی جنگ لڑرہے ہیں اور راہول گاندھی اس کی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔ ہم سب لوگ اُن اقدار کے لئے لڑرہے ہیں جن پر یہ ملک بنا ہے۔

ہم اپنے دستور کی اقدار کے لئے لڑرہے ہیں۔ آج ہم اپنی جمہوریت کے لئے لڑرہے ہیں۔ ہماری لڑائی مساوات کے لئے بھی ہے اور اس لڑائی میں آپ میں ہر کوئی ایک اہم فوجی ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے پر ممکنہ حد تک کڑی محنت کریں گی۔

انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں آپ کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔ میں پارلیمنٹ میں آپ کے مسائل اٹھاؤں گی۔ میں آپ کے مسائل حل کرانے کے لئے لڑوں گی۔ 22 اکتوبر کونامزدگی داخل کرنے کے بعد پرینکا گاندھی کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ مینن گڑھی میں خطاب کے بعد انہوں نے روڈ شو بھی کیا۔

اسی دوران ریٹرننگ آفیسر نے پیر کے دن جانچ کے بعد کانگریس قائد کی نامزدگی قبول کرلی۔ بی جے پی نے الزام عائد کیا تھا کہ پرینکا گاندھی نے اپنے اور اپنے شوہر کے اثاثوں کی ضروری جانکاری حلف نامہ میں نہیں دی۔ پرینکا گاندھی کا مقابلہ بی جے پی کی نویا ہری داس سے ہے۔