حیدرآباد

کشن ریڈی کو این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے درمیان فرق نہیں معلوم:کے ٹی آر

کے ٹی آر نے کہاکہ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی دروغ گوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فنڈس جاری کرنے کا جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر انفارمیشن وٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام زبردست بارش اورسیلاب سے پریشان ہیں تو دوسری طرف مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی دروغ گوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فنڈس جاری کرنے کا جھوٹا پروپگنڈہ کررہے ہیں۔

کے ٹی آر نے کہا کہ کشن ریڈی کو این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے درمیان کا فرق معلوم نہیں ہے۔ ہم نے کشن ریڈی سے سابق میں حیدرآباد میں آئے سیلاب اور موجودہ سیلاب کی صورتحال کے دوران این ڈی آر ایف کے تحت فنڈس کی اجرائی کے متعلق جواب طلب کیا تھامگر کشن ریڈی جھوٹ بولنے پر اتر آئے ہیں۔

کے ٹی آر نے 19 جولائی کو لوک سبھا میں مملکتی وزیر داخلہ نتیا نند رائے کی جانب سے دئیے گئے جواب کا کشن ریڈی کو مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا دستور کے شق280 کے مطابق ریاستوں کو این ڈی آر ایف کے تحت فنڈس فراہم کرنے کی ذمہ داری ریاستی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

 2018 سے آج تک تلنگانہ کو این ڈی آر ایف فنڈس کے تحت ایک اضافی پیسہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ اب کشن ریڈی کو وضاحت کرنا چاہئے کہ ان کا بیان سچ ہے یانتیا نند رائے کا بیان جھوٹا ہے؟۔

کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ این ڈی آر ایف کے صدر نشین امیت شاہ سے فنڈس حاصل کرنے کی ہمت نہ رکھنے والے کشن ریڈی کا اپنی ہی ریاست کے عوام کے ساتھ جھوٹ بولنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف دروغ گوئی کیلئے جی کشن ریڈی سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔