ٹالی ووڈ اداکار تارک رتنا چل بسے
تلگو کی دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سرکردہ سیاسی قائدین اور تلگو فلم انڈسٹری(ٹالی ووڈ) کی اہم شخصیتوں نے ٹالی ووڈ اداکار نندا موری تارک رتنا کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
حیدرآباد: تلگو کی دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے سرکردہ سیاسی قائدین اور تلگو فلم انڈسٹری(ٹالی ووڈ) کی اہم شخصیتوں نے ٹالی ووڈ اداکار نندا موری تارک رتنا کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اداکار نے بنگلور میں نارائنہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیاک سرویسس میں آخری سانس لی جہاں انہیں قلب پر شدید حملہ کے بعد27 جنوری کو شریک کرایا گیا تھا۔وہ39 سال کے تھے۔ ان کی موت نے سابق چیف منسٹر این ٹی راما راؤ کے خاندان میں غم واندوہ کی لہر دوڑا دی۔
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اداکار کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے افسانوی تلگو اداکار این ٹی آر کے پوترے و اداکار تارک رتنا کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار کیا اور انہوں نے غمزدہ افراد خاندان سے دلی ہمدردی کااظہار کیا۔ سابق چیف منسٹر و تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تارک رتنا کے دیہانت کی اطلاع پر انہیں دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افراد خاندان اور مداحوں کی دعاؤں، ڈاکٹروں کی ممکنہ مساعی بھی تارک رتنا کی زندگی بچانے میں ناکام رہیں۔ نائیڈو نے کہا کہ 27 دنوں تک زندگی کی لڑائی لڑتے ہوئے آخر کار تارک رتنا زندگی کی جنگ ہار گئے اور خاندان کو غمزدہ چھوڑ کر ہم سب سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوگئے۔ نائیڈو نے اداکار کی آتما کو شانتی کیلئے پرارتھنا کی۔
چندرا بابو نائیڈو کے فرزند این لوکیش کی پدیاترا کے پہلے دن کپم میں 27 جنوری کو اداکار اچانک گرپڑے، تارک رتنا، لوکیش کے علاوہ اداکار جونیر این ٹی آر اور کلیان رام کے کزن تھے۔ ٹی ڈی پی کے جنرل سکریٹری لوکیش نے کہا کہ تارک رتنا کی موت کی خبر سے انہیں گہرا صدمہ ہوا۔
تارک رتنا کے چچا و ممتاز اداکار بالکرشنا نے کہا کہ نوجوان اداکار کی موت سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہورہا ہے کہ اب وہ بالا بابائی کی آواز کبھی سن نہیں پائیں گے۔ میگا اسٹار چرنجیوی، اعلیٰ اداکار مہیش بابو، اداکارو جنا سینا پارٹی کے صدر پون کلیان اور دیگر نے تارک رتنا کی موت پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔