حیدرآباد

المناک واقعہ، عنبر پیٹ مدرسہ کے 5 طلبا اور استاد تالاب میں غرق

بتایا گیا ہے کہ طلباء کا ایک گروپ اپنے استاد کے ساتھ آج صبح استاد کے ایک رشتہ دار کی تقریب میں شرکت کے لئے ملکارام گیا ہوا تھا۔

حیدرآباد: شہر کے علاقہ عنبر پیٹ میں واقع ایک مدرسہ کے پانچ طلبا اپنے ایک استاد کے ساتھ تالاب میں غرقاب ہوگئے۔ یہ المناک واقعہ تلنگانہ کے ضلع میڑچل کے جواہر نگر میں واقع ملکارام گاؤں کے ایراکنٹہ تالاب میں پیش آیا جہاں یہ بچے اپنے استاد کے ساتھ گئے ہوئے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ مسجد حسینہ عنبر پیٹ سے ملحق مدرسہ کے طلباء کا ایک گروپ اپنے استاد کے ساتھ آج صبح استاد کے ایک رشتہ دار کی تقریب میں شرکت کے لئے ملکارام گیا ہوا تھا۔ دوپہر 12 بجے کے قریب، جب تقریب چل رہی تھی، بچے کھیلنے کے لئے ایراکنٹہ چیروو کے قریب گئے اور تالاب میں اترے۔

اس دوران پانچ بچے حادثاتی طور پر تالاب میں ڈوب گئے۔ دوسرے طلباء نے جو انہیں دیکھ رہے تھے، اپنے استاد کو خبردار کیا۔ استاد بچوں کو بچانے کے لئے تالاب میں کود پڑے تاہم وہ خود بھی غرقاب ہوگئے۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) جواہر نگر پولیس اسٹیشن، چندر شیکھر نے یہ بات بتائی۔

گاؤں والوں کی اطلاع پر جواہر نگر پولیس جائے حادثہ پہنچی اور مقامی پیراکوں کی مدد سے چھ لاشوں کو تالاب سے باہر نکالا۔ لاشوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔

ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔