ٹرینی آئی اے ایس آفیسر نے پرائیویٹ کار پر سائرن کا استعمال کیا، ذہنی معذور ہونے کا دعویٰ
پروبیشنری سیول سرویس عہدیدار پوجا کھیڑکر جس نے انتخابی عمل میں رعایت حاصل کرنے یونین پبلک سرویس کمیشن کو داخل کردہ ایک حلف نامہ میں نابینا اور ذہنی معذور ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔

ممبئی: پروبیشنری سیول سرویس عہدیدار پوجا کھیڑکر جس نے انتخابی عمل میں رعایت حاصل کرنے یونین پبلک سرویس کمیشن کو داخل کردہ ایک حلف نامہ میں نابینا اور ذہنی معذور ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
اُس نے 6 مرتبہ لازمی طبی معائنہ کرانے سے انکار کردیا جس سے یہ ثابت ہوسکتا ہے کہ واقعی وہ معذور ہے۔ یہ بات ہنوز واضح نہیں ہوئی ہے کہ اگر اس نے حقیقتاً طبی معائنہ کرانے سے انکار کردیا تو پھر اس کا تقرر کیوں کیا گیا۔
غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق پہلا ٹسٹ اپریل 2022 میں دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں رکھا گیا تھا۔ پوجا نے یہ کہتے ہوئے معائنہ کرانے سے انکار کردیا کہ اُس کا کووڈ۔19 کا ٹسٹ پازیٹیو آیا ہے۔
آئندہ مہینہ مقرر معائنوں کے لئے بھی وہ نہیں پہنچی۔ جولائی اور اگست میں بھی اس نے معائنے نہیں کرائے۔ ستمبر میں اس نے صرف جزوی معائنہ کرایا اور بصارت کے کھوجانے کا پتا چلانے کے لئے ایم آر آئی ٹسٹ نہیں کرایا۔
بعدازاں کمیشن نے اس کے سلکشن کو چالینج کیا اور فروری 2023 میں ٹریبونل نے اس کے خلاف فیصلہ سنایا۔ اس کے باوجود اس نے کسی طرح اپنے سیول سرویس اپوائنٹ منٹ کی توثیق حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ پوجا کھیڑکر کے او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات)سے تعلق رکھنے کے دعویٰ پر بھی سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔
ان جھوٹے بیانات کے ذریعہ حاصل کی گئی رعایتوں کی وجہ سے پوجا کھیڑکر مسابقتی سیول سرویسس امتحان پاس کرنے میں کامیاب رہی حالانکہ اُسے نسبتاً کم آل انڈیا رینک 841 حاصل ہوا تھا۔
کھیڑکر کی جانب سے اپنی خانگی گاڑی لگژری سیڈان ”آڈی“ پر سائرن استعمال کرنے جیسی حرکتیں منظرعام پر آنے کے بعد اس کا تبادلہ پونے سے واشم کردیا گیا تھا۔ پونے کلکٹر سوہاس دیواسے نے حکومت مہاراشٹر کے چیف سکریٹری کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے پوجا کھیڑکر کو دوبارہ تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس حکم میں کہا گیا تھا کہ 2023 بیاچ کی آئی ایس عہدیدار اپنے پروبیشن کا بقیہ عرصہ ضلع واشم میں اضافی اسسٹنٹ کلکٹر کی حیثیت سے گزارے گی۔ کھیڑکر نے سائرن استعمال کرنے کے علاوہ اپنی گاڑی پر وی آئی پی کی نمبر پلیٹ اور ایک اسٹیکر بھی لگایا تھا جس پر حکومت مہاراشٹرا تحریر تھا۔
پوجا کھیڑکر کو پونے کے ایڈیشنل کلکٹر اجئے مورے کی غیرموجودگی میں ان کا دفتر استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تھا۔
اُس نے مبینہ طور پر ان کے نام کی تختی نکال دی تھی اور فرنیچر ہٹادیا تھا۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس کے والد نے جو ایک ریٹائرڈ ایڈمنسٹریٹیو عہدیدار ہیں، اس کے مطالبات کی تکمیل پر زور دیا تھا۔ کھیڑکر کا تعلق احمدنگر سے ہے۔ وہ 2023 کی بیاچ کی آئی اے ایس عہدیدار ہیں۔