جدہ سے مکہ کا سفر صرف 5 منٹ میں
'ورجن ہائپرلوپ’ نامی برق رفتار ٹرین کی مدد سے اب 80کلومیٹر جدہ سے مکہ اور مکہ سے جدہ تک کا سفر 5 منٹ تک کے معمولی وقت میں ممکن ہو سکے گا جبکہ ریاض سے جدہ کا سفر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ممکن ہو گا۔
جدہ: سعودی عرب نے ایک ہزار 78 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی انتہائی تیز رفتار ٹرین کا منصوبہ بنالیا۔ ‘ورجن ہائپرلوپ’ نامی برق رفتار ٹرین کی مدد سے اب 80کلومیٹر جدہ سے مکہ اور مکہ سے جدہ تک کا سفر 5 منٹ تک کے معمولی وقت میں ممکن ہو سکے گا جبکہ ریاض سے جدہ کا سفر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ممکن ہو گا۔
عرب میڈیا کے مطابق ‘ہائپر لوپ ون’ نامی امریکی کمپنی کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر نہایت ہی کم وقت میں طے کیا جا سکتا ہے، اس ٹیکنالوجی کا مقصد طویل سفری اوقات کو کم سے کم کرنا ہے۔
امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مسافر ایک ہزار 78 کلومیٹر فی گھنٹہ کے حساب سے ایک کیپسیول نما ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔ کمپنی کی طرف سے مسافروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آرام دے سفر کا بھی یقین دلایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ‘ڈی پی ورلڈ’ نامی متحدہ عرب امارات کی لوجیسٹکس کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ 2030 تک یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔
ہائپر لوپ ٹیکنالوجی لانچ کرنے والا پہلا ملک سعودی عرب ہو گا، اس ٹیکنالوجی کے ذریعے سعودی عرب میں ریاض سے جدہ تک کا سفر 46 منٹ میں جب کہ ریاض سے دبئی کا سفر 51 منٹ میں با آسانی طے کیا جا سکے گا۔