اسرائیلی فضائی حملے میں 10 فلسطینی شہید

غزہ: جنوبی غزہ شہر میں لوگوں کی بھیڑ پر اسرائیلی فضائی حملے میں تقریباً 10 فلسطینی شہید گئے۔
طبی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے غزہ شہر کے جنوب میں واقع زیتون علاقے میں فلسطینیوں کے ایک ہجوم کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں تقریباً 10 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
دریں اثناء، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا کہ غزہ کے 75 فیصد باشندوں کو اجباری نقل مکانی کا سامنا ہے۔
ایجنسی نے ‘ایکس’ پر لکھا، ”ہزاروں فلسطینی خاندانوں کے پاس واپس جانے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور بمباری کا بھی مسلسل خطرہ ہے۔ یہاں کی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں اور غزہ میں کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ غزہ میں ایجنسی کے صحت مراکز کو جنوبی غزہ کی رفح اور کریم شلوم کراسنگ کی بندش کی وجہ سے گزشتہ 10 دنوں میں کوئی طبی سامان نہیں پہنچایا جاسکا ہے۔
ایجنسی کے مطابق، اتوار تک، 96 طبی مراکز اور UNRWA کے 24 میں سے صرف سات مراکز کام کر رہے تھے، جہاں بنیادی صحت کی نگہداشت کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر فلسطینی تنظیم حماس کے بڑے پیمانے پر حملے کے بعد سے غزہ پر اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کا سلسلہ تاہنوز جاری ہے۔ اسرائیل پر حماس کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔