آوارہ کتے کاٹنے سے دو بچے ہلاک
قومی دارالحکومت کے وسنت کنج علاقہ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے دو بھائی ہلاک ہوگئے، جن کی عمریں 5 اور 7 سال تھیں۔ مہلوکین کی شناخت 7 سالہ آنند اور 5 سالہ آدتیہ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔

نئی دہلی: قومی دارالحکومت کے وسنت کنج علاقہ میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے دو بھائی ہلاک ہوگئے، جن کی عمریں 5 اور 7 سال تھیں۔ مہلوکین کی شناخت 7 سالہ آنند اور 5 سالہ آدتیہ کی حیثیت سے ہوئی ہے۔
یہ دونوں جنگلاتی علاقہ کے قریب ایک جھگی میں مقیم تھے۔ پولیس نے بتایا کہ دو دن کے اندر 5 اموات ہوئی ہیں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 10 مارچ کو تقریباً 3 بجے دن 7 سالہ بچہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
تلاش کرنے پر آنند کی نعش ایک الگ تھلگ مقام پر دستیاب ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے جسم پر کئی زخم تھے، جو کسی جانور کے کاٹنے کے زخم معلوم ہوتے تھے۔ بعد ازاں پتہ چلا کہ جنگلاتی علاقہ میں کئی آوارہ کتے ہیں، جو اکثر بکریوں اور خنزیروں پر حملہ کرتے ہیں۔
تعزیراتِ ہند کی دفعہ 302 کے تحت بھی ایک کیس درج کیا گیا۔ لڑکے کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے صفدر جنگ ہاسپٹل بھیج دی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دو دن بعد 12 مارچ کو انھیں ایک اور بچہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی۔
بعد ازاں اس بچہ کی آدتیہ کی حیثیت سے شناخت کی گئی، جو آنند کا چھوٹا بھائی تھا۔ پولیس نے بتایا کہ آدتیہ اپنے رشتہ کے بھائی 24 سالہ چندن کے ساتھ جنگلاتی علاقہ کے قریب حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کے لیے گیا تھا۔ چندن، آدتیہ سے کچھ فاصلہ پر تھا۔
کچھ دیر بعد جب چندن واپس آیا تو اس نے آدتیہ کو زخمی حالت میں اور کتوں سے گھرا ہوا پایا۔ دونوں بچوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔