حیدرآباد: رچہ کنڈہ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے دو نائیجیریائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر خود کو ’’لوو گرو‘‘ کے طور پر پیش کرتے ہوئے شہر کی ایک لیڈی ڈاکٹر کو 12 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں نے متاثرہ لڑکی کو جادو کے ذریعہ اس کی محبت واپس دلانے کا وعدہ کیا تھا جو اپنی زندگی میں اپنی محبت کو لے کر کسی نہ کسی پریشانی سے گزر رہی تھی۔ لیڈی ڈاکٹر لڑکی، گوگل پر ’’لوو اسپیل کاسٹر‘‘ تلاش کرنے کے بعد نائیجیریائی دھوکہ بازوں کے رابطے میں آئی اور دھوکہ کا شکار ہوگئی۔
پولیس نے گرفتار نائیجیریائی شہریوں کی شناخت 41 سالہ Okwuchukwu اور 35 سالہ Obiwuru Jonathan Uzaka کے طور پر کی ہے، دونوں دہلی کے اتم نگر کے رہنے والے ہیں۔ پولیس دو دیگر ملزمان میکالا اجندا اور ڈینیئل کی تلاش میں ہے۔
شکایت کنندہ لیڈی ڈاکٹر ایک ماہر امراض چشم (آپتھالمولوجسٹ یعنی آنکھوں کی ڈاکٹر) ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے انہیں بتایا کہ وہ یوگنڈا کے لوو اسپیل کاسٹر ہیں اور اس کی محبت کے لئے کچھ دعائیں کریں گے۔
ملزمین نے مختلف وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ابتدائی طور پر لڑکی سے ایک لاکھ روپے اپنے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرالئے اور اس کے بعد مختلف حیلے بہانوں سے اس سے 12.45 لاکھ روپے تک حاصل کرلئے۔
لیڈی ڈاکٹر نے اپنی شکایت میں پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی محبت کی زندگی کے مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ کامیابی کی تلاش میں تھی۔ اس نے آن لائن "Love Spell Caster” کو تلاش کیا اور اسے گوگل پر دھوکہ بازوں کا فون نمبر ملا جس کے بعد وہ ان کے رابطے میں آئی۔
اس کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کیا اور تکنیکی شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹر جے نریندر گوڑ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم دہلی پہنچی، ملزمان کو گرفتار کیا اور ٹرانزٹ ریمانڈ پر انہیں حیدرآباد لے آئی۔
ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کو پتہ چلا کہ چاروں ملزمان کپڑے کے کاروبار کے لئے ہندوستان آئے تھے اور کاروبار میں نقصان اٹھانے کے بعد بھولے بھالے شہریوں کو دھوکہ دینے اور پیسے کمانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
منصوبے کے مطابق، انہوں نے بروکرز کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کھولے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور گوگل پر اشتہارات شائع کئے۔ اپنے فون نمبروں کے ساتھ انہوں نے علم نجوم، محبت کے اسپیل کاسٹ اور زندگی کے مسائل کے حل کے لئے اشتہارات پیش کئے تھے۔
پولیس کو یہ بھی پتہ چلا کہ ملزمین نے ملک بھر میں اسی طرح کے اور بھی جرائم کئے ہیں اور مرکزی ملزم اوکوچکو کو دہلی پولیس نے پہلے بھی گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے سوشل میڈیا کے ایسے اشتہارات پر یقین کرنے کے خلاف انٹرنیٹ استعمال کنندگان کو خبردار کیا ہے جو زندگی میں مسائل کا حل پیش کرتے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ لوگ، سائبر جرائم کی اطلاع دینے کے لئے 1930 ڈائل کر سکتے ہیں یا www.cybercrime.gov.in کے ذریعے شکایت درج کراسکتے ہیں۔