بھارت

لدھیانہ‘ چین کے ساتھ مسابقت کرسکتا ہے: راہول

راہول گاندھی نے چھوٹی اور متوسط تجارتوں کی حالت ِ زار کے لئے مرکز کی پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آج کسی نے مجھے بتایا کہ لدھیانہ‘ مانچسٹر کی طرح ہے

لدھیانہ: کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج کہا کہ لدھیانہ کے چھوٹے اور متوسط کاروبار چین کے ساتھ مسابقت کرسکتے ہیں بشرطیکہ انہیں مناسب مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے حکومت ِ پنجاب اور مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کی مدد نہیں کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں
مودی کے دورہ اروناچل پردیش پر چین کا احتجاج
بی جے پی میں دستور بدلنے کی ہمت نہیں: ر اہول گاندھی
الیکٹورل بانڈس اسکیم، جبری وصولی ریاکٹ: راہول گاندھی (ویڈیو)
غزہ نسل کشی پر جشن منانے والا اسرائیلی فٹبالر گرفتار
راہول گاندھی، بی جے پی کو کڑی ٹکر دینے کسی اور حلقہ کا رخ کریں: ڈی راجہ

راہول گاندھی نے جو پنجاب میں بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کررہے ہیں‘ یہ بھی الزام عائد کیا کہ ملک میں نفرت‘ تشدد اور خوف پھیلا یا جارہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھائی کو بھائی کے خلاف‘ ایک مذہب کو دوسرے مذہب کے خلاف اور ایک ذات کو دوسری ذات کے خلاف کھڑا کیا جارہا ہے۔

نفرت کے بازار میں لاکھوں افراد نے اپنی دکانیں کھول لی ہیں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس یاترا میں آپ کو کہیں کوئی نفرت نہیں ملے گی۔ اگر کوئی گرتا ہے تو سب اس کی مدد کرتے ہیں یہ پوچھے بغیر کہ اس کا مذہب یا ذات کیا ہے؟۔ انہوں نے اس صنعتی مرکز میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نفرت اور تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

 یہ بھائی چارہ‘ محبت اور احترام کا ملک ہے۔ انہوں نے بی جے پی زیرقیادت مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ نفرت پھیلارہا ہے۔ نوٹ بندی کے مسئلہ پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس نے چھوٹی اور متوسط صنعتوں پر شدید ضرب لگائی ہے۔

 لدھیانہ پر کس نے اور کیوں ضرب لگائی ہے؟۔ پردھان منتری جی نے نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی نافذ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے چھوٹی اور متوسط تجارتوں کی حالت ِ زار کے لئے مرکز کی پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آج کسی نے مجھے بتایا کہ لدھیانہ‘ مانچسٹر کی طرح ہے۔

 میرے خیال میں یہ بات غلط کہی گئی ہے دراصل مانچسٹر‘ لدھیانہ کی طرح ہے۔ مانچسٹر کا کوئی مستقبل نہیں لیکن لدھیانہ کا یقینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو جس مدد کی ضرورت ہے‘ بینک کی مدد جس کی آپ کو ضرورت ہے‘ نہیں دی جارہی ہے لیکن آپ پر حملہ کیا جارہا ہے۔

 سابق کانگریس صدر نے الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی پالیسیاں نہیں بلکہ چھوٹی اور متوسط تجارتوں کو ختم کرنے کے ہتھیار ہیں اور یہی سچائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لدھیانہ کی چھوٹی اور متوسط تجارتوں میں روزگار فراہم کرنے کی صلاحیت ہے۔

 ملک کے ارب پتی ملک کو ملازمت نہیں دے سکتے۔ لدھیانہ کے چھوٹے اور متوسط کاروبار ملک کو ملازمت دے سکتے ہیں۔ اگر انہیں مضبوط بنایا جائے اور مدد کی جائے تو لدھیانہ‘ چین کے ساتھ مسابقت کرسکتا ہے لیکن آپ کی مدد کوئی نہیں کررہا ہے۔ کوئی ویژن نہیں ہے چاہے یہ حکومت ِ پنجاب ہو یا حکومت ِ ہند۔