اُدھو ٹھاکرے کو دھکا‘ شنڈے گروپ حقیقی شیوسینا
اسپیکر کی رولنگ کے بعد چیف منسٹر شنڈے کے گروپ نے جشن منانا شروع کردیا۔ اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ شیوسینا پرمکھ کو پارٹی کے کسی بھی قائد کو ہٹانے کا اختیار نہیں۔
ممبئی: بڑی رولنگ میں اسپیکر مہاراشٹرا اسمبلی راہول نارویکر نے چہارشنبہ کے دن اعلان کیا کہ چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے کا گروپ ”حقیقی“ شیوسینا ہے۔ 21 جون 2022 کو پارٹی میں پھوٹ پڑگئی تھی۔ اسپیکر کی رولنگ کے بعد اب تمام 16 ارکان اسمبلی بشمول شنڈے کے نااہل قرارپانے کا امکان ختم ہوگیا۔
اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ حریف گروپ کے ابھرنے کے بعد نئے چیف وہپ بھرت گوگاؤلے کا بحیثیت چیف وہپ انتخاب جائز ہے۔ اسپیکر کے اس فیصلہ سے جس کا دیرینہ انتظار تھا‘ چیف منسٹر شنڈے کو بڑی راحت ملی اور سابق چیف منسٹر اُدھو ٹھاکرے کی شیوسینا یو بی ٹی کو بڑا دھکا پہنچا۔
اسپیکر نے شیوسینا یوبی ٹی کی درخواست میں کئے گئے کئی دعوے اور دلیلوں کو مسترد کردیا۔ ممبئی اور ریاست کے دیگر حصوں میں برسراقتدار دھڑے کے کارکنوں نے جشن منایا۔ پی ٹی آئی کے بموجب اسپیکر مہاراشٹرا اسمبلی راہول نارویکر نے آج شیوسینا ایکناتھ شنڈے گروپ کو حقیقی سیاسی جماعت قراردے دیا۔
شنڈے گروپ اور اُدھو ٹھاکرے گروپ نے ایک دوسرے کے ارکان ِ اسمبلی کو نااہل قراردینے کی جو درخواستیں دی تھیں ان پر اپنی رولنگ پڑھ کر سناتے ہوئے اسپیکر نارویکر نے یہ بھی کہا کہ شیوسینا یو بی ٹی کے سنیل پربھو 21 جون 2022 سے اسپیکر نہیں رہے۔ شنڈے گروپ کے بھرت گوگاؤلے باقاعدہ وہپ بن گئے۔
اسپیکر کی رولنگ کے بعد چیف منسٹر شنڈے کے گروپ نے جشن منانا شروع کردیا۔ اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ شیوسینا پرمکھ کو پارٹی کے کسی بھی قائد کو ہٹانے کا اختیار نہیں۔ انہوں نے یہ دلیل ماننے سے انکار کردیا کہ پارٹی صدر کی مرضی‘ پارٹی کی مرضی کے برابر ہوتی ہے۔
1999 میں شیوسینا نے الیکشن کمیشن میں جو پارٹی دستور داخل کیا تھا اسی کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ اسپیکر نے ٹھاکرے گروپ کی یہ بات نہیں مانی کہ 2018 کا ترمیمی دستور قبول کیا جائے۔ اسپیکر نے کہا کہ اسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔ 1999 کے دستور کی رو سے راشٹریہ کاریہ کرنی (قومی عاملہ) پارٹی کی سپریم باڈی ہے۔