وزارت ثقافت، حکومت ہند کے زیراہتمام، یوم آزادی حیدرآباد تقریب منائی گئی
وزارت ثقافت، حکومت ہند کے زیراہتمام، یوم آزادی حیدرآباد تقریب پریڈ گراؤنڈ، سکندرآباد میں ہوئی۔ مرکزی وزیر کوئلہ جی کشن ریڈی مہمان خصوصی تھے۔
حیدرآباد: وزارت ثقافت، حکومت ہند کے زیراہتمام، یوم آزادی حیدرآباد تقریب پریڈ گراؤنڈ، سکندرآباد میں ہوئی۔ مرکزی وزیر کوئلہ جی کشن ریڈی مہمان خصوصی تھے۔
انہوں نے اس تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ پر بھی پھول چڑھائے۔ نیم فوجی اور دفاعی دستوں کی پریڈ، حیدرآباد کی تاریخی جدوجہد کی عکاسی کرنے والے ثقافتی پروگرام منعقد کئے گئے۔
پریڈ گراؤنڈ پر پہنچنے سے پہلے ریڈی نے جنگی یادگار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے خطاب کے دوران، انہوں نے خطے کی آزادی کی حقیقی تاریخ کے بارے میں بیداری کی کمی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ تلنگانہ نے 15 اگست 1947 کو آزادی حاصل کی تھی، وہ اس بات سے بے خبر ہیں کہ ریاست حیدرآباد 17 ستمبر 1948 کو آزاد ہوئی تھی۔انہوں نے اس تاریخ کو دبانے کی سازش اور بدنیتی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی کے لیے لڑنے اور قربانی دینے والوں کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔
انہوں نے تلنگانہ کی ریاستی حکومت کو سرکاری طور پر ”تلنگانہ لبریشن ڈے” نہ منانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور اس بات پر زور دیا کہ مرکزی حکومت نے 2022 میں سرکاری تقریب کا آغاز کیا تھا، جس میں ایک گزٹ نوٹیفکیشن کے ساتھ مستقبل میں منانے کو یقینی بنایا گیا تھا۔
انہوں نے ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے اس تقریب کی اہمیت کو کم کرنے پر سیاسی قوتوں پر تنقید کرتے ہوئے خطے کی آزادی کو درست تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے برسراقتدار تلنگانہ حکومت پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ مجلس کے ساتھ اتحاد کرنے کے بعد باضابطہ طور پر حیدرآباد لبریشن ڈے منانے سے متعلق اپنے پہلے کے موقف کو ترک کر رہی ہے۔
قبل ازیں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے حیدرآباد لبریشن ڈے کی تقریب کے حصہ کے طور پر نامپلی میں بی جے پی کے ریاستی دفتر ڈاکٹر شیام پرساد مکھرجی بھون میں قومی پرچم لہرایا۔