سوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

لڑکی کا رشتے کیلئے انوکھا اشتہار، دلچسپ تبصرے

دنیا بھر میں لاکھوں افراد روزانہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے ہیں تاہم انڈیا میں ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون نے رشتے کیلئے ایک انوکھا اشتہار دیا ہے جس میں انہیں ایسا دلہا چاہئے جو انسٹاگرام ریلز بناتا ہو۔

دہلی: دنیا بھر میں لاکھوں افراد روزانہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے ہیں تاہم انڈیا میں ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر خاتون نے رشتے کیلئے ایک انوکھا اشتہار دیا ہے جس میں انہیں ایسا دلہا چاہئے جو انسٹاگرام ریلز بناتا ہو۔

سوشیل میڈیا کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اخبار میں دیا گیا یہ انوکھا اشتہار وائرل ہے جس میں ایک خاتون اپنے لئے ایسا شوہر تلاش کر رہی ہیں جو اُن کی زندگی کا ساتھی بھی ہو اور وہ اُن کے ساتھ رِیلز بھی بنائے۔

ایکس پر آیوشی گپتا نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں اس اشتہار کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ رشتوں کیلئے اب تک کا سب سے حیران کن اشتہار ہے۔‘

اس اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ ’میرا نام رِیا ہے اور میں اپنے لئے ایک موزوں رِیل پارٹنر اور دلہا ڈھونڈ رہی ہوں۔ لڑکے کو کیمرے کا سامنا کرنے پر شرم نہیں آنی چاہئے اور وہ میرے ساتھ پیار بھری رِیلز بنانے کیلئے تیار رہے۔‘ اشتہار میں مزید لکھا گیا کہ ’لڑکے کو موئی موئی جیسے ٹرینڈنگ میوزک پر رِیلز بنانی آتی ہوں اور وہ جوائنٹ فیملی سے تعلق نہ رکھتا ہو۔‘

ریا نے اپنے رشتے کیلئے مزید شرط رکھی کہ ’رشتے کیلئے رابطہ کرنے سے پہلے ایمیزون منی ٹی وی پر ویب سیریز ’ہاف لوو ہاف اریجنڈ‘ دیکھیں تاکہ آپ کو پتا چل سکے کہ مجھے کس قسم کے لڑکے نہیں پسند۔‘ رشتے کے اِس اشتہار میں مزید لکھا گیا کہ لڑکے کو ویڈیو ایڈیٹنگ سوفٹ ویئرز جیسے پریمیئر پرو وغیرہ استعمال کرنے آتے ہوں تاکہ وہ رِیلز اور وی لاگز ایڈٹ کر سکیں۔

اس وائرل ٹویٹ کے جواب میں ایکس پر موجود دیگر قارئین بھی دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

مفدل ووہرہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں کرکٹ ویڈیوز ایڈٹ کر سکتا ہوں۔ کیا میں اس رشتے کیلئے اہل ہوں؟‘

شیوانی تبصرہ کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’یہ اپنے لئے دلہا اس وجہ سے ڈھونڈ رہی ہیں کہ اُس کے ساتھ انسٹاگرام رِیلز بنا سکیں، یہ جیون ساتھی نہیں ڈھونڈ رہیں۔‘

ساکشی بھاداؤریا نے مزاحیہ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’یہاں عام لڑکے نہیں مل رہے اور اِس انفلوئنسر کو موئی موئی پر رِیل بنانے والا لڑکا چاہیے۔‘