تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم میں غیر معمولی تبدیلی
تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم میں غیر معمولی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے اور ایک طرف جہاں دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، وہیں دوسری طرف خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے موسمی دباؤ اور ہوا کے رخ میں تبدیلی کے باعث کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور ژالہ باری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
حیدرآباد: تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں موسم میں غیر معمولی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے اور ایک طرف جہاں دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، وہیں دوسری طرف خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے موسمی دباؤ اور ہوا کے رخ میں تبدیلی کے باعث کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور ژالہ باری کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
تلنگانہ میں موسم دوہری صورتحال اختیار کر رہا ہے جہاں دارالحکومت حیدرآباد سمیت عادل آباد، نظام آباد، کھمم اور ورنگل میں دن کے وقت درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سیلسیس تک پہنچ رہا ہے
جس کی وجہ سے گرمی کی شدت محسوس کی جانے لگی ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور خصوصاً شمالی تلنگانہ میں شام کے وقت تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
آندھرا پردیش کے رائلسیما کے اضلاع جیسے کرنول، اننت پور اور کڈپہ میں شدید گرمی کی لہر شروع ہو چکی ہے اور درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب وجئے واڑہ، گنٹور اور وشاکھاپٹنم میں اچانک بارش ہو سکتی ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے ماہرینِ زراعت نے کسانوں کو کٹی ہوئی فصلوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ اچانک بارش اور ژالہ باری سے اناج کو نقصان پہنچ سکتا ہے
جبکہ طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دن میں گرمی اور رات کی سردی کی صورتحال سے وائرل بخار کے معاملات بڑھ سکتے ہیں اسی لئے پانی کا استعمال زیادہ کریں اور براہ راست دھوپ سے بچیں۔