دہلی

مودی کے بغیر سروالے پوسٹر پر تنازعہ

بی جے پی کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے منگل کے دن کانگریس پارٹی کو اس کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کے لئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس) بی جے پی کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری نے منگل کے دن کانگریس پارٹی کو اس کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کے لئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے اسے ملک دشمن قراردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کو پاکستان سے احکامات مل رہے ہیں۔ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب کانگریس کے آفیشیل ہینڈل نے پیر کے دن ایک امیج پوسٹ کی جس میں کرتا۔ چوڑی دار پائجامہ پہنے ایک شخص کو دکھایا گیا جس کی گردن یا سر نہیں ہے۔

نیچے کیپشن میں ذمہ داری کے سمئے۔ غائب لکھا گیا۔ پہلگام حملہ کے بعد اس طنزیہ امیج پر آن لائن بحث چھڑگئی۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ آج کانگریس پاکستان کی ڈیپ اسٹیٹ کی آلہ ئ کار بن گئی ہے۔

سابق پاکستانی وزیر فواد چودھری نے اس ٹویٹ پر کمینٹ کیا اور اسے ری ٹویٹ کیا۔ پردیپ بھنڈاری نے کہا کہ سدارامیا ہندوستان سے زیادہ پاکستان میں مقبول ہیں۔ جموں وکشمیر میں کانگریس کے صدر نے پاکستان سے بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سیف الدین سوز نے کہا کہ پاکستان پر بھروسہ کرنا چاہئے۔

کانگریس پارٹی‘ پاکستان سے راست آرڈر (حکم)لے رہی ہے۔ اسی دوران سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر اور ڈیموکریٹک پروگریسیو آزادپارٹی کے صدر غلام نبی آزاد نے بھی کانگریس پارٹی پر تنقید کی اور کہا کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے۔ ساری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے پہلگام میں کس طرح بے قصور لوگوں کو ہلاک کیا۔

پوسٹ کرتے وقت محتاط رہنا چاہئے‘ چاہے وہ امیج ہو یا کارٹون۔ کانگریس کو بھی اپنے دورِاقتدار میں جنگ جیسی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔