اردو زبان عالمی سطح پر مقبول، کالج آف لینگویجز ملے پلی میں کامیاب سمینار کا انعقاد
اردو زبان کی ترویج و اشاعت اور اس کی اہمیت کے حوالے سے کالج آف لینگویجز ملے پلی کے زیرِ اہتمام ایک پُراثر سمینار اور تقریری مقابلہ ہفتہ، 5 جولائی کو کمیونٹی ہال بھارت گراؤنڈ، ملے پلی میں منعقد ہوا۔ اس علمی و ثقافتی تقریب کا موضوع تھا: "مادری زبان کی ضرورت و اہمیت"۔
حیدرآباد: اردو زبان کی ترویج و اشاعت اور اس کی اہمیت کے حوالے سے کالج آف لینگویجز ملے پلی کے زیرِ اہتمام ایک پُراثر سمینار اور تقریری مقابلہ ہفتہ، 5 جولائی کو کمیونٹی ہال بھارت گراؤنڈ، ملے پلی میں منعقد ہوا۔ اس علمی و ثقافتی تقریب کا موضوع تھا: "مادری زبان کی ضرورت و اہمیت”۔
سعیدہ بیگم: اردو زبان نے تحریکِ آزادی کو نئی روح بخشی
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل محترمہ سعیدہ بیگم نے کہا کہ "کئی مخالفتوں، رکاوٹوں اور مسائل کے باوجود اردو زبان آج دنیا بھر میں مقبول ہو چکی ہے، جو قابلِ رشک ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اردو زبان نے آزادی ہند کی جدوجہد میں "انقلاب زندہ باد” کا نعرہ دے کر قوم کو متحد کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اردو کے اساتذہ، محققین اور بہی خواہ عملی طور پر آگے آئیں اور سرکاری اسکولوں و کالجوں میں اردو تعلیم کو فروغ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج آف لینگویجز ملے پلی شہر کا وہ منفرد ادارہ ہے جو مسلسل اردو زبان کی خدمت میں مصروف ہے۔
اردو زبان تہذیب و ثقافت کی پہچان ہے: ڈاکٹر رضوانہ بیگم
ڈاکٹر رضوانہ بیگم (اسسٹنٹ پروفیسر، اندرا پریہ درشنی ڈگری کالج، نامپلی) نے کہا کہ "اردو زبان کسی بھی قوم کی تہذیب، تاریخ اور شناخت کی مظہر ہے۔” انہوں نے نئی نسل کو اردو پڑھنے، لکھنے اور استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اردو رسم الخط کے تحفظ پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر نکہت آراء، ڈاکٹر تبسم آراء، اور دیگر مہمانوں کے خیالات
ڈاکٹر نکہت آراء شاہین (سابق پرنسپل، اردو اورینٹل کالج حمایت نگر) نے طلباء کی تقریری صلاحیتوں کی تعریف کی اور انہیں اردو ماحول میں تربیت دینے پر زور دیا۔
ڈاکٹر تبسم آراء (اسسٹنٹ پروفیسر) نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اردو تعلیم دلوانے میں سنجیدہ قدم اٹھائیں اور کالج آف لینگویجز میں داخلہ دلوائیں۔
جناب سید جاوید نے کہا کہ جس طرح والدین انگریزی زبان سکھانے کے لیے کوشش کرتے ہیں، ویسے ہی اردو سکھانے میں بھی دلچسپی لیں۔
طلباء و طالبات کی تقریری مقابلوں میں شاندار کارکردگی
ڈاکٹر ثمیہ تمکین (اردو لکچرر، حیات نگر) نے اردو تقریری مقابلوں میں طلباء و طالبات کی شرکت کو قابلِ فخر قرار دیا۔
ڈاکٹر غوثیہ بانو (وی سی آئی ویمنز یونیورسٹی) نے عمدگی سے نظامت کے فرائض انجام دیے اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریری مقابلوں کے نتائج:
- پہلا انعام: ثناء فاطمہ (سینٹ مریم ہائی اسکول، جماعت نہم)
- دوسرا انعام: محمد مجاہد علی (گوتم ماڈل اسکول، جماعت ششم)
- تیسرا انعام: محمد فیضان (ڈیواٸن اسکول، ملے پلی، جماعت شتم)
مقالہ نگار: خدیجہ بیگم، محمد زاہد علی، پروین بیگم، عائشہ فاطمہ
نتائج کا اعلان: جناب محمد حسام الدین ریاض
انعامات کی تقسیم: جناب محمد یعقوب (SBI ملے پلی)، آغا محمد رضا پرویز جگنو، شیخ محمد امجد، سید آصف علی کے ہاتھوں انجام پائی۔
آخر میں ڈاکٹر تبسم آراء نے شکریہ ادا کیا اور محترمہ سلمیٰ بیگم، ڈاکٹر سید آصف، ڈاکٹر محمد مجاہد علی سمیت تمام مہمانوں کی شرکت کو سراہا۔ پرنسپل محترمہ سعیدہ بیگم نے معزز مہمانوں کو یادگار مومینٹوز بھی پیش کیے۔