قومی

مزار میں توڑ پھوڑ

میرٹھ میں جمعہ کے دن ایک مزار کو نقصان پہنچایا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور اس نے الزام عائد کیا کہ یہ مذہبی نفرت بھڑکانے کی دانستہ کوشش ہے۔

میرٹھ(یوپی) (پی ٹی آئی) میرٹھ میں جمعہ کے دن ایک مزار کو نقصان پہنچایا گیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی اور اس نے الزام عائد کیا کہ یہ مذہبی نفرت بھڑکانے کی دانستہ کوشش ہے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (رورل) راکیش کمار مشرا نے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک کھیت میں واقع مزار میں جمعہ کی صبح توڑپھوڑ کی گئی۔ پولیس ٹیم وہاں پہنچ گئی اور اس نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔

مزار کے جس حصہ کو نقصان پہنچایا گیا اس کی مرمت کی کرادی گئی۔ مشرا نے کہا کہ کیس درج کرلیا گیا اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے دو ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

پولیس خاطیوں کی نشاندہی کیلئے قریبی علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کا فوٹیج کھنگال رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔

سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی حلقہ سردھنا اتول پردھان نے اس حرکت کی مذمت کی۔ انہوں نے اسے سنگین اور بدبختانہ قرار دیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خاطیوں کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے۔