سوشیل میڈیاکھیل

Video: پولینڈ ٹیم کی ایف 16 طیاروں کی نگرانی میں قطر آمد

قطر میں اتوار سے فیفا ورلڈکپ شروع ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ سے ٹھیک پہلے سینیگال کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اس کے کپتان اور اسٹار فارورڈ ساڈیو مانے انجری کی وجہ سے پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

دوحہ: قطر میں اتوار سے فیفا ورلڈکپ شروع ہورہا ہے۔ اس عالمی کپ سے ٹھیک پہلے سینیگال کی ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اس کے کپتان اور اسٹار فارورڈ ساڈیو مانے انجری کی وجہ سے پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

سینیگال نے جمعہ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں مانے کے ورلڈکپ سے اخراج کا اعلان کیا۔ ٹیم کے ڈاکٹر مینوئل افونسو نے کہاکہ بائرن میونخ کے فارورڈ ساڈیو مانے ورلڈکپ میں سنیگال کیلئے اب دستیاب نہیں ہوں گے۔ وہ چند دنوں میں میونخ میں اپنی بحالی کا کام کریں گے۔

اس سے قبل افونسو نے امید ظاہر کی تھی کہ مانے ورلڈکپ کے کچھ میچ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے آج کا ایم آر آئی دیکھا ہے اور بدقسمتی سے ان کی صحت یابی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔ 30 سالہ ساڈیو مانے کی انجری بھی موضوع بحث ہے کیونکہ ان کا شمار دنیا کے بہترین فارورڈز میں ہوتاہے۔

اس کے ساتھ ساتھ افریقی ملک سنیگال بھی ان ٹیموں میں سے ایک ہے جو بڑی ٹیموں کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں بڑا فرق پیدا کرسکتی ہے۔ سنیگال کا پہلا میچ 21 نومبر کو ہالینڈ کے خلاف ہوگا۔ یہ میچ رات 9 بجے سے کھیلا جائے گا۔ ٹیم کو میزبان قطر، ہالینڈ اور ایکواڈور کے ساتھ گروپ A میں رکھا گیا ہے۔

ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اس فٹبال ورلڈکپ میں 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار چار کے 8 گروپس میں تقسیم کیاگیاہے۔ مانے چوٹ سے صحت یاب ہو رہے تھے۔ اس کے بعد بھی انہیں ٹیم میں رکھا گیا کیونکہ سلیکٹرز کو لگا کہ وہ ٹھیک ہو جائیں گے۔ تاہم ایسا نہیں ہوا۔

سنیگال افریقن کپ آف نیشنز کا چمپئن ہے۔ یہ افریقہ کے ان 5 ممالک میں سے ایک ہے جو ورلڈکپ کھیل رہے ہیں۔ مانے نے سنیگال کیلئے 92 میچوں میں 33 گول کیے ہیں۔ اس سے قبل وہ انگلش پریمیر لیگ کلب لیورپول کیلئے کھیل چکے ہیں۔ اب وہ بائرن میونخ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اس دوران پولینڈ کی ٹیم خصوصی سیکوریٹی کے ساتھ قطر پہنچ گئی۔ پولینڈ کی ٹیم کو ایف 16 لڑاکا طیارے کی حفاظت میں ورلڈ کپ کیلئے قطر لے جایا گیا۔ درحقیقت چند روز قبل پولینڈ میں میزائل حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد قومی ٹیم کو بھی سخت سیکوریٹی فراہم کی گئی تھی۔

پولینڈ کی ٹیم نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس سیکوریٹی کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں دو لڑاکا طیارے ایک طیارے کے پیچھے اڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں جس پر جمہوریہ پولینڈ لکھا ہوا ہے۔ پولینڈ کی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑاکا طیاروں نے قومی ٹیم کی پرواز کا تعاقب کیا یہاں تک کہ اس نے پولینڈ کی فضائی حدود چھوڑ دیں۔ پولینڈ کی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 22 نومبر کو کھیلے گی۔

درحقیقت چند روز قبل پولینڈ کے ایک گاؤں میں میزائل گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر کہرام مچ گیا تھا۔ اس میں 2 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ پولینڈ ناٹو کا رکن ہے اور ایسا روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں پہلی بار ہوا جب میزائل اس پر گرا۔

پولینڈ کی ٹیم کی بات کریں تو وہ گروپ سی میں میکسیکو، ارجنٹائن، سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ پولینڈ اپنی مہم کا آغاز میکسیکو کے خلاف کرے گا۔ 4 دن بعد سعودی عرب کی طرف سے چیلنج ہوگا۔ پولینڈ اپنے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں 30 نومبر کو ارجنٹائن سے ٹکرائے گا۔ اتوار کو پہلا میاچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہوگا۔