حیدرآباد

ویڈیو: پرانا شہر میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی کوشش، نامعلوم شخص بائیک پر فرار

پرانا شہر کے سلطان شاہی علاقہ میں ایک نامعلوم شخص نے دوسری بار ایک خاتون اور ان کی بیٹی کے ساتھ بدتمیزی کی کوشش کی۔ خاتون کی چیخ وپکار پر مقامی افراد نے نامعلوم شخص کا تعاقب کیا۔

حیدرآباد: پرانا شہر کے سلطان شاہی علاقہ میں ایک نامعلوم شخص نے دوسری بار ایک خاتون اور ان کی بیٹی کے ساتھ بدتمیزی کی کوشش کی۔ خاتون کی چیخ وپکار پر مقامی افراد نے نامعلوم شخص کا تعاقب کیا۔

مگر وہ بائک چلاتے ہوئے فرار ہوگیا تاہم اس ملزم کی تصویر‘ وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔

سلطان شاہی علاقہ میں آج ایک 30 سالہ خاتون اپنے مکان کے باہر دوپہر میں کپڑے سکھارہی تھی کہ ایک اجنبی‘ بائک پر وہاں پہونچا اور خاتون کا منہ دباکر ان سے بدتمیزی کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم‘خاتون کے چہرے پر نامعلوم محلول کا اسپرے کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ خاتون نے چیخ وپکار شروع کردی۔

چیخ وپکار پر مقامی افراد وہاں جمع ہوگئے اور اجنبی کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ بائک پر فرار ہوگیا۔ مقامی افراد نے کچھ فاصلہ تک اس کا تعاقب کیا مگر وہ ان کے ہاتھ نہیں لگا۔

نامعلوم ملزم بائک سے فرار ہوگیا مگر بائک پر روانہ ہونے کی اس کی تصویر سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگئی۔ خاتون نے شکایت کی کہ دو ہفتہ قبل ان کی بیٹی کے ساتھ بھی اس طرح کی حرکت کی گئی۔

انسپکٹر مغل پورہ درگا پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ چہرے پر اسپرے مارنے کے بعد طلبہ کا اغواء کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر غلط اور من گھڑت ہے۔ من گھڑت خبروں کو چلانے سے ماحول خراب ہورہا ہے اور عوام میں خوف وہراس پھیل رہا ہے۔ نامعلوم ملزم کو پکڑنے کے لئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ ساؤتھ زون ٹاسک فورس کی ٹیم نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس آئی‘ سی ایچ نریش نے ایک کیس کرائم نمبر 125/2024 درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

a3w
a3w