حیدرآباد کے فاسٹ باؤلر محمد سراج کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات
ملاقات کے دوران ریاستی وزرا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پی سرینواس ریڈی، ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وسینئر کانگریس لیڈر محمد اظہرالدین اور پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ محمدسراج چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ٹیم انڈیا کی جرسی بھی پیش کی۔

حیدرآباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے حیدرآباد کے فاسٹ باؤلر محمد سراج نے آج چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی رہائش گاہ پر اُن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاستی وزرا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پی سرینواس ریڈی، ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وسینئر کانگریس لیڈر محمد اظہرالدین اور پارٹی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ محمدسراج چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ٹیم انڈیا کی جرسی بھی پیش کی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں کامیابی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ وہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے بارباڈوس سے ٹیم کے ساتھ وطن واپس ہوئے جہاں ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر ٹی ٹونئٹی کی ٹرافی اپنے نام کرلی تھی۔ ٹیم انڈیا سے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ملاقات کی تھی۔ کھلاڑیوں نے وزیر اعظم مودی کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے اپنے تجربات بیان کئے تھے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی پر ٹیم انڈیا بارباڈوس سے واپسی کے دن ہی شام کو ممبئی کے میرین ڈرائیو پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے زیر اہتمام ایک زبردست ریالی میں شرکت کی تھی۔
محمد سراج ممبئی سے حیدرآباد پہنچے تو ان کے چاہنے والوں نے اُن کا والہانہ کیا۔ سینکڑوں مداحوں نے محمد سراج کا استقبال کا۔ شمس آباد ایرپورٹ سے محمد سراج کے گھرتک ایک شاندار ریالی نکالی گئی۔
واضح رہے کہ محمد سراج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کچھ خاص مظاہرہ نہیں کرسکے۔ پورے ٹورنمنٹ میں وہ صرف تین میاچ کھیلے۔ ورلڈ کپ میں محمد سراج صرف ایک لینے میں کامیاب رہے۔ محمد سراج کو فائنل میچ میں بھی ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔