سوشیل میڈیا

وائرل ویڈیو: ٹی آر ایس کے بی آر ایس بننے سے پہلے ہی پارٹی شروع

سوشیل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے لیڈر راجنالا سری ہری کو ورنگل میں مقامی لوگوں میں شراب کی بوتلیں اور زندہ چکن تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

حیدرآباد: ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کی اطلاعات کے دوران ٹی آر ایس قائدین نے لوگوں میں مفت اشیاء کی تقسیم شروع کردی ہے۔

وزیراعلیٰ تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے اپنی قومی سیاسی جماعت کی لانچنگ سے ایک دن قبل ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں ایک ٹی آر ایس لیڈر لوگوں میں شراب کی بوتلیں اور زندہ مرغیاں تقسیم کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

سوشیل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے لیڈر راجنالا سری ہری کو ورنگل میں مقامی لوگوں میں شراب کی بوتلیں اور زندہ چکن تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مفت کے سامان سے بھری ایک گاڑی پر کے سی آر اور ان کے فرزند کے ٹی آر کے بڑے کٹ آؤٹس لگے ہوئے ہیں جبکہ پارٹی لیڈر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لوگوں میں باری باری سے شراب کی بوتلیں اور برائلر مرغی مفت دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

لوگوں کی بھی ایک لمبی قطار ہے جو اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں تاکہ مفت شراب اور چکن حاصل کرسکیں۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر خوب گشت کررہا ہے۔

واضح رہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے، کے سی آر دسہرہ پر اپنی قومی پارٹی کا اعلان کرنے والے ہیں۔

ٹی آر ایس مقننہ پارٹی اور ریاستی عاملہ کمیٹی کا ایک توسیعی اجلاس چہارشنبہ کو تلنگانہ بھون میں متوقع ہے جس میں ٹی آر ایس کو قومی پارٹی بنانے کے لئے ایک قرارداد پیش کی جائے گی۔ اسے بھارتیہ راشٹرا سمیتی یا بی آر ایس کہا جا سکتا ہے۔

ٹی آر ایس کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد الیکشن کمیشن کو بھیجی جائے گی۔ ایک ریاستی تسلیم شدہ پارٹی کے طور پر ٹی آر ایس کسی بھی ریاست میں مقابلہ کر سکتی ہے۔