کرناٹک

”پہنچی وہیں پہ خاک“ وشواناتھ کا بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں واپسی کا اعلان

کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار اور ریاستی انچاج رندیپ سنگھ سرجے والا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی انتخابات سے قبل یا بعد میں کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔

میسورو: کرناٹک بی جے پی کے ایم ایل سی اور پارٹی کے سینئر لیڈر ایچ وشواناتھ نے آج توثیق کی کہ وہ حکمراں بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔

کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار اور ریاستی انچاج رندیپ سنگھ سرجے والا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی انتخابات سے قبل یا  بعد میں کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ قائد اپوزیشن سدارامیا کے ساتھ ان کا کوئی اختلاف رائے نہیں ہے۔ شخصی طور پر ہمارے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے۔ ہم نے قانون کی تعلیم ساتھ میں حاصل کی اور دوست ہیں۔ میں 40برسوں تک کانگریس پارٹی میں تھا۔ مجھے کسی چیز کی پرواہ نہیں۔

میں نے کانگریس پارٹی کو ہمیشہ ماں کی طرح دیکھا۔ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ نہیں کروں گا۔ میری اولاد بھی انتخابات کا سامنا نہیں کرے گی۔“ انہوں نے کہا کہ میں جے ڈی ایس پارٹی میں تھا اور وہ ایک خاندان کی پارٹی ہے۔مخلو ط حکومت میں سابق چیف منسٹر کماراسوامی کے سات ارکان خاندان کابینہ میں تھے۔

 بعد ازاں بی جے پی اقتدار میں آئی مگر بی جے پی حکومت میں بھی نظم و نسق اچھا نہیں رہا۔ ریاست میں یدی یورپا کی بدعنوانی آج تک جاری رہے۔“ ان تمام وجوہات کی بناء پر میں کانگریس کی حمایت کررہا ہوں۔ عوام نواز حکومت بے حد ضروری ہے۔

 کانگریس پارٹی میں شامل ہونے سے بڑھ کر میں پارٹی کی حمایت کرتا ہوں۔ وشواناتھ نے یہ بات کہی جو جے ڈی ایس کے صدر رہ چکے ہیں اور بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ وہ ریاست میں حکمراں بی جے پی کے آپریشن کنول کے دوران بغاوت میں پیش پیش رہے۔