ووٹ چوری کے پی ڈی ایف میانمار میں تیار کئے گئے، بی جے پی کا الزام
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور کانگریس کے خلاف تازہ الزامات عائد کئے اور دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرنے کے لئے اپنی خصوصی پریس کانفرنس کے دوران جو پی ڈی ایف پیش کئے تھے وہ میانمار میں تیار کئے گئے تھے۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور کانگریس کے خلاف تازہ الزامات عائد کئے اور دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرنے کے لئے اپنی خصوصی پریس کانفرنس کے دوران جو پی ڈی ایف پیش کئے تھے وہ میانمار میں تیار کئے گئے تھے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان پردیپ بھنڈاری کی جانب سے ایکس پر ایک پوسٹ کو نمایاں کئے جانے کے بعد تنازعہ پیدا ہوا۔ اِس پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ووٹ چوری کے پی ڈی ایف جنہیں بعد میں کانگریس کی باضابطہ ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیا گیا تھا، ان کے میٹاڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ یہ میانمار کے ٹائم زون میں تیار کئے گئے تھے۔
اِس انکشاف پر بی جے پی نے شدید ردِعمل ظاہر کیا اور ایک بار پھر راہول گاندھی اور قدیم سیاسی جماعت پر بیرونی طاقتوں سے متاثر ہونے کا الزام عائد کیا۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونہ والانے آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پاورپوائنٹ پریزنٹیشن کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی اور اب تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی نے بعدازاں جو پی ڈی ایفس شیئر کی تھیں وہ ہندوستان کے باہر میانمار میں تیار کی گئی تھیں۔
اب تمام ثبوت اور تکنیکی ثبوت سامنے آگئے ہیں ان میں الٹ پھیر نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی بیرونی ممالک اور غیرملکی افراد کو زیادہ پسند کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب پنجاب اور ہماچل پردیش میں سیلاب تباہی مچارہا تھا تو وہ ملیشیاء میں اپنی چھٹیوں سے لطف اندوز ہورہے تھے۔
بہرحال ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو جمہوری خسارہ میں لانے والی آپ کی اسکرپٹ کسی بیرونی ملک میں تو نہیں لکھی جارہی ہے۔ کیا آپ کو کہیں اور سے ہدایات مل رہی ہیں۔ کیا آپ غیرملکیوں کے ہاتھ میں کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں؟۔